2 اکتوبر 2013 - 20:30
روسی سفارت خانے پر مسلح افراد کا حملہ

روسی حکام کے مطابق، لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں واقع روسی سفارت خانے پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا لیکن اس حملے میں سفارت خانے کے کسی بھی اہلکار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔

ابنا: سفارت خانے کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بدھ کو طرابلس میں ہونے والےاِس حملے میں سفارت خانے کا کوئی اہل کار زخمی نہیں ہوا۔

اُنھوں نے بتایا کہ حملہ آور دیواروں پر چڑھ گئے اور ایک دروازے کو نقصان پہنچایا، ہوا میں گولیاں چلائیں اور جانے سے پہلے عمارت کے ایک حصے میں آگ لگا گئے۔

فوری طور پر حملے کی وجہ واضح نہیں ہوپائی ہے۔

تاہم، رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ حملہ آور بظاہر لیبیا کی فضائیہ کے ایک فوجی پائلٹ کی ہلاکت پر اپنا رد عمل ظاہر کر رہے تھے۔ مسلح افراد کا کہنا تھا کہ پائلٹ کی ہلاکت میں ایک روسی خاتون ملوث تھی۔

یہ واقعہ لیبیا میں سفارتی مشنز پر ہونے والے متعدد حملوں میں سے ایک ہے۔

اپریل میں طرابلس میں واقع فرانسسی سفارت خانے میں ایک دھماکہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں، دو محافظ  زخمی ہوئے اور عمارت کو کافی نقصان پہنچا تھا۔

گیارہ ستمبر 2012ء میں بن غازی میں واقع امریکی قونصل خانے پر حملے میں امریکی سفیر اور تین دیگر امریکی سفارتکار ہلاک ہوگئے تھے۔

.......

/169