25 ستمبر 2013 - 20:30
ایرانی قوم کے قانونی حقوق کی بحالی تک مذاکرات پر تاکید

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر جناب ڈاکٹر حسن روحانی نے ایرانی قوم کے مسلمہ اور قانونی حقوق کی بحالی تک مذاکرات جاری رکھے جانے کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔ انھوں نے اخبار واشنگٹن پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر مغرب، یورینیم کی افزودگی سمیت ایران کے تمام قانونی حقوق کا اعتراف کرلے تو بین الاقوامی قوانین کی بنیاد پر تہران کے پرامن جوہری پروگرام کی شّفافیت کے عمل میں کوئی مسئلہ نہیں رہے گا۔

ابنا: صدر مملکت نے شام کے مسئلے کے بارے میں بھی کہا کہ سب کو باہمی تعاون سے پرامن طور پر شام کا بحران حل کرنے کی کوشش کرنی چاہیئے۔ ایران کے صدر جناب ڈاکٹر حسن روحانی نے عالمی سطح پر شام سمیت مختلف علاقائی مسائل کے حل کے عمل میں ایران کی شمولیت کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جنیوا دو سمیت اگر تمام مذاکرات غیر مشروط طور پر انجام پائیں تو ایران ضرور شامل ہوگا۔ انھوں نے شام میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا اعتراف اور اس استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ابتک کسی بھی اعتبار سے یہ ثابت نہیں ہوا ہے کہ یہ ہتھیار، شام کی حکومت کی جانب سے استعمال کئے گئے ہیں۔جناب ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران – امریکہ تعلقات کے بارے میں بھی اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ دونوں ملکوں کی حکومتوں کے درمیان عدم اعتماد کا ماحول بنا ہوا ہے، کہا کہ ایران کی حکومت اور قوم کی نقطۂ نظر سے ایران سمیت پورے خطے کے بارے میں امریکہ کی حکومت اور اس کی پالیسیاں غلط رہی ہیں۔

.......

/169