ابنا: شہر قائد میں وزیراعظم نواز شریف، وفاقی کابینہ سمیت دیگر اعلٰی حکومتی شخصیات کی موجودگی کے باوجود دہشتگرد عناصر آزاد ہیں اور آزادانہ معصوم شہریوں کو دہشتگردی کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔ آج بھی شہر قائد میں دن کا آغاز قتل و غارتگری سے ہی ہوا۔ پاکستان کی شہہ رگ شہر کراچی میں ملک دشمن دہشت گرد عناصر کی فائرنگ سے پاک بحریہ کے سینئیر افسر کیپٹن سید ندیم نقوی شہید جبکہ فائرنگ سے ان کی اہلیہ زخمی ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق پاک بحریہ کے افسر شہید کیپٹن سید ندیم نقوی نیشنل اسٹیڈیم کے قریب اپنی اہلیہ کے ہمراہ گاڑی میں جا رہے تھے کہ گھات لگائے دہشت گردوں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے 45 سالہ کیپٹن سید ندیم نقوی ولد بشیر احمد موقع پر شہید اور انکی اہلیہ 38 سالہ بنت زہرا زخمی ہوگئیں، جنہیں طبی امداد کیلئے پی این ایس شفاء منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس اہلکاروں نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق شہید کیپٹن ندیم پی این ایس جوہر میں تعینات تھے اور نیول انجینئرنگ کالج میں لیکچرار تھے۔ پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل سواروں نے حبیب اللہ رحمت روڈ پر گاڑی پر حملہ پر کیا، تھانہ عزیز بھٹی پولیس نے گاڑی اور گولیوں کے خول تحویل میں لے لئے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی کراچی میں امن و امان کے حوالے سے وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس کے موقع پر شہر میں موجودگی کے باوجود دہشت گردی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
.......
/169