20 اگست 2013 - 19:30
القاعدہ کا انٹرنیشنل ٹیکنکل سینٹر پکڑا گیا

گرین ٹاؤن میں القاعدہ کا انٹرنیشنل ٹیکنیکل سنٹر پکڑا گیا۔ حساس ادارے نے چھاپہ مار کر دو دہشت گرد گرفتار کر لئے۔

 ابنا: گرین ٹاؤن میں القاعدہ کا انٹرنیشنل ٹیکنیکل سنٹر پکڑا گیا۔ حساس ادارے نے چھاپہ مار کر دو دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ ان کا تعلق القاعدہ کے حسن گل اور داؤد شاہ گروپ سے ہے۔ دہشت گرد گرین ٹاؤن کے علاقے باگڑیاں میں کرائے کے مکان میں رہائش پذیر تھے۔ حساس ادارے کو اس نیٹ ورک کے بارے میں کچھ دن پہلے نشاندہی کی گئی تھی، جس پر اس علاقے اور مکان کے اردگرد ریکی کی گئی اور دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر حساس ادارے نے مکان پر چھاپہ مارا، اس دوران دو دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے جبکہ ان کے تین ساتھی فرار ہوگئے۔ مکان سے جدید ترین سامان اور آلات برآمد کئے گئے، جس میں ٹیلیفون ٹیپ کرنے کے آلات، فون نمبر تبدیل کرنے کی مشینیں، کمپیوٹر، فیکس، کئی ٹیلی فون، موبائل فون اور انٹرنیٹ کے متعدد کنکشن شامل ہیں۔
 
اس مکان سے لوگوں کو اغوا اور بھتے کیلئے ٹیلیفوں کئے جاتے تھے اور فون ریسیو کرنے والے کو افغانستان کا نمبر شو ہوتا تھا۔۔ کمرے میں ائر کنڈیشنر اور ٹیلی ویژن بھی موجود تھا۔ گرفتار دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ کے حسن گل اور داؤد شاہ گروپ سے ہے۔ دونوں کی عمر پچیس سے 30 سال کے درمیان ہے۔ حسن گل گروپ امریکی شہری وارن ڈینسٹائن اور معروف صنعت کار عامر ملک کے اغوا میں ملوث ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ افراد پنجاب کی ایک اہم سیاسی شخصیت یا اس کے بیٹے کو اغوا کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق گروہ کے 2اہم ارکان افضال اور محبوب الرحمان کے نام ریڈبک میں شامل ہیں جبکہ بلال لطیف، شاہد جبار، عمیر ندیم، طارق، عمران بھی اس گروپ کے اہم ارکان ہیں۔ جب یہ گروپ کسی کو اغوا کرکے یہاں رکھتا یا ان کو یہاں سے کسی جگہ منتقل کرتا تو دہشت گرد خواتین اور بچوں کو ساتھ لے لیتے تھے، تاکہ کسی کو شک نہ پڑے۔ ایلیٹ فورس نے گرین ٹاؤن کے علاقے کو گھیرے میں لے کر مفرور ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنا شروع کر دیئے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲