29 جولائی 2013 - 19:30
پوری دنیا مولائے کائنات کے سوگ میں ڈوبی

اسلامی جمہوریہ ایران سمیت ساری دنیا میں مولائے کائنات امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کے یوم شھادت کی مناسبت سے مجالس و عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔

ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام مقدس مقامات بالخصوص مشہد مقدس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام علی رضا علیہ السلام اورقم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضہ ہائے اقدس کو سیاہ پوش کیا گيا ہے۔ ان مقدس مقامات میں علماء کرام اور مقررین نے محمد و آل محمد علیھم السلام کے فضائل بیان کئے۔ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قریوں ، مسجدوں اور امام بارگاہوں نیزعلمائے اعلام و مراجع کرام کے گھروں میں شب شھادت اور شب قدر کے موقع پرگزشتہ رات سے ہی اعمال شب قدر، مجالس عزا، نوحہ خوانی اورسینہ زنی کا سلسلہ شروع ہوگيا تھا۔ادھرعراق کے مقدس شہر نجف اشرف سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بارگاہ امیرالمومنین علیہ السلام میں لاکھوں عقیدت مندوں کا اجتماع ہے۔عراق کے دیگر مقدس مقامات جیسے کربلائے معلی، کاظمین اور سامرا میں بھی لاکھوں زائرین موجود ہیں جو زیارت سے فیضیاب ہونے کے ساتھ ساتھ اہل بیت عصمت و طہارت و امامت کی خدمت میں تسلیت و تعزیت پیش کررہے ہیں۔ہندوستان اور پاکستان میں بھی آج امیرالمومین حضرت علی علیہ السلام کی شب شہادت اور شب قدر کے موقع پراعمال شب قدر، مجالس عزا، نوحہ خوانی اورسینہ زنی کا سلسلہ نماز مغربین کے بعد شروع ہوجائیگا ۔لبنان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق لبنان میں بھی آج مولائے کائنات حضرت علی علیہ السلام کے یوم شھادت کی مناسبت سے مجالس عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق بحرین اور سعودی عرب میں لوگوں نے اپنے اپنے گھروں میں 21 رمضان المبارک شہادت حضرت علی (ع)کے موقع پرعزاداری کی۔واضح رہے کہ ان ملکوں میں انتہا پسند وہابی مسلک کے حاوی ہونے کی وجہ سے اہل ولایت کے مذہبی اجتماعات پر پابندی عائد ہے۔19ماہ رمضان المبارک کو وقت سحر سجدۂ معبود میں جس وقت امیرالمومنین کی پیشانی خون میں غلطاں ہوئی خدا کے معتمد اور رسول اسلام (ص) کے امین ، فرشتوں کے امیر، جنگ احد میں لافتی الّا علی لاسیف الّا ذوالفقارکا نعرہ بلند کرنے والے جبرئیل نے تڑپ کر آواز بلند کی تھی: (تَہَدّمَت و اَللہ اَرکان الہُدیٰ)  خدا کی قسم ارکان ہدایت منہدم ہوگئے اور مسجد کوفہ میں جب سارے مسلمان اپنے امام وپیشوا کے غم میں نوحہ و ماتم کرنے میں مصروف تھے خدا کا مخلص بندہ اپنے معبود سے ملاقات کااشتیاق لئے آواز دے رہا تھا (فُزتُ وَ رَبّ الکَعبۃ) رب کعبہ کی قسم میں کامیاب ہوگیا اور علی (ع) آج بھی کامیاب ہیں کیونکہ ان کی سیرت ،ان کا کردار، ان کے اقوال و ارشادات ان کی حیات اور شہادت کاایک ایک پہلو نہ صرف عالم اسلام بلکہ عالم بشریت کی کامیابی و کامرانی کی ضمانت سمجھا جاتا ہے۔

.....

/169