27 جون 2013 - 19:30
ابو سالم کو جیل میں ہی گولی مار دی گئی

سنہ 1993 میں ہندوستان کے شہر ممبئی میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے ملزم ابو سالم کو ممبئی کے مضافات میں واقع تلوجا سینٹرل جیل میں ایک دیگر قیدی نے گولی مارکر زخمی کر دیا ہے۔

ابنا: ممبئی پولس کا کہنا ہے کہ ابوسالم  کو ایک گولی لگی ہے اور انھیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق ابو سالم  کی حالت خطرے سے باہر ہے۔تلوجا جیل میں ایڈووکیٹ سعید اعظمی کے قتل کے جرم میں قید دیویندر بابو راؤ جگتاپ نے ابو سالم  پرگولی چلائی ہے۔26 نومبر 2008 میں ممبئی میں کیے گئے دہشت گردانہ حملے کے مبینہ بے قصور ملزمان کا مقدمہ لڑنے کے لیے مشہور سعید اعظمی کو فروری سنہ 2010 میں قتل کردیا گیا تھا۔اس سوال پر کہ جیل میں ہتھیار کس طرح پہنچے ممبئی کے جوائنٹ کمشنر لا اینڈ آرڈر دیون بھارتی نے کہا کہ اس معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔یاد رہے کہ سنہ 2010 میں بھی ابو سالم  پر جیل میں حملہ ہوا تھا۔ اس وقت وہ ممبئی کے آرتھر روڈ جیل میں بند تھے۔اس کے بعد ہی ان کو تلوجا جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔ انھیں 2005 میں ممبئی دھماکوں میں کردار کے لیے پرتگال سے ہندوستان لایا گیا تھا۔ممبئی میں سنہ 1993 میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں میں 257 افراد ہلاک ہوئے تھے اور ایک ہزار سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔ ابو سالم  کے خلاف قتل، اغوا اور تاوان طلب کرنے کے 60 سے زیادہ مقدمات ہیں۔......./169