10 مئی 2013 - 19:30
پاکستان کو ووٹ دو ، طالبان کودھول چٹادو

آج پاکستان میں عام انتخابات کے لئے ووٹ ڈالے جائيں گے جبکہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اپنا ووٹ پوسٹل بیلٹ باکس کے ذریعے کاسٹ کردیا ہے موصولہ رپورٹوں کےمطابق صدرزرداری نے سیکورٹی خدشات کی بنا پر اپناووٹ پوسٹل بیلٹ باکس کےذریعے کاسٹ کیا ہے ۔

ابنا: اطلاعات کےمطابق گیارہ مئی کو ہونےوالے انتخابات میں سو سےزیادہ نشستوں پر کانٹےکامقابلہ ہے ۔جن نشستوں پر سخت مقابلے متوقع ہیں ان میں سے 74 پنجاب میں، 18 سندھ میں، 13 خیبر پختونخوا میں اور 5 بلوچستان میں ہیں۔پاکستان کے الیکشن کمیشن کے مطابق مختلف عوامل کی وجہ سے ٹرن آؤٹ ساٹھ فیصد تک ہوسکتاہے۔جبکہ  پاکستان کے الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 9 نشستوں پر پولنگ نہیں ہو گی۔ ان حلقوں میں انتخابات کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ جہاں پولنگ ملتوی کی گئی ہے، ان میں قومی اسمبلی کے 3 اور صوبائی اسمبلیوں کے 6 حلقے شامل ہیں۔ کرم ایجنسی میں الیکشن، امن و امان کی خراب صورتحال کے پیش نظر ملتوی کیا گیا ہے۔5 دن پہلے، اسی حلقے سے جمعیت علمائے اسلام (ف )کی انتخابی ریلی میں بم دھماکا ہوا تھا۔ این اے 254کراچی کے انتخابات عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار صادق زمان خٹک کے قتل کے باعث ملتوی کیے گئے ہیںدرایں اثنا اطلاعات ہيں کہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر دیر کے ایک علاقے میں عمائدین نے خواتین کے ووٹ ڈالنے پر غیر اعلانیہ پابندی عائد کر دی ہے۔مالاکنڈ ڈویژن کے ضلع لوئر دیر سے ذرائع کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 97 میں مقامی عمائدین اور مشران نے خواتین کے ووٹ ڈالنے پر پابندی لگائی ہے اور اس کی وجہ سکیورٹی خدشات بتائے گئے ہیں۔اس علاقے سے بائیں بازو کی جماعتیں پیپلز پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ان علاقوں ميں حقوق انسانی کے لیے کام کرنے والی ایک تنظیم دیہی اجتماعی اور ترقیاتی سوشل ورکرز کونسل کے صدر اکبر خان کے مطابق دیر میں سنہ انیس سو ستر اور ستتر کے عام انتخابات میں آخری بار خواتین نے ووٹ ڈالا تھا تاہم اس کے بعد مذہب اور سخت گیر پشتون روایات کی وجہ سےخواتین کو ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاتی.دوسری طرف طالبان نے انتخابات کےموقع پر دہشتگردانہ کاروائیاں انجام دینے کی دھمکی دی ہے ۔ طالبان کی دھمکی پر ردعمل ظاہر کرتےہوئے پاکستان کے نگراں وزیر اطلاعات و نشریات عارف نظامی نے کہا ہے کہ یہ دھمکی ان کی مایوسی کی نشاندہی کرتی ہے اور وہ اب لوگوں کو ڈرا کر ووٹنگ سے باز رکھنا چاہتے ہیں۔ہمارے نمائندے کے مطابق انتخابات کےموقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہيں اور پولیس، رینجرز اور فوجی دستے امن و امان برقرار رکھنے کے لئے فرائض انجام دیں گے۔

.......

/169