6 مئی 2013 - 19:30
ہندوستان، ایران کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا

ہندوستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہندوستان، ایران کے ساتھ بھر پور طرح سے اقتصادی اور تجارتی تعاون جاری رکھے گا۔

ابنا: سلمان خورشید نے اسلامی جمہوریہ ایران کا دورہ مکمل کرکے ہندوستان واپسی پر پی ٹی آئي سے گفتگو میں کہا کہ ہندوستان ایران کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات میں بھرپور فروغ لانے کی تیاریاں کررہا ہے۔انہوں نےکہا کہ انفرا اسٹرکچر کی تعمیر اور مشترکہ طورپر تیل کی کھوج اس تعاون میں ترجیح رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان، ایران کی جنوب مشرقی بندرگاہ چابہار کی تعمیر نو میں بھی حصہ لے گا کیونکہ یہ بندرگار اسٹراٹیجیک لحاظ سے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ ایران نے  مشترکہ طور پر تیل کی کھوج اور اس سے حاصل ہونے والے تیل کی تقسیم کی پیش کش کی ہے جس کا جائزہ لیا جائے گا۔ ہندوستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ انرجی ذخائر کی ترسیل کی سکیورٹی ہندوستان کےلئے نہایت اہمیت رکھتی ہے جس پر ہندوستان کے اسٹراٹیجیک مفادات منحصر ہیں لھذا ہندوستان ایرانی تیل کے بدلے ایران کو متعدد مصنوعات فراہم کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مغربی پابندیوں سے ایران کے ساتھ ہندوستان کی تجارت متاثر نہیں ہوگي۔  واضح رہے ہندوستان ایرانی تیل کا تیسرا سب سے بڑا خریدار ہے اور ہندوستان وایران کے درمیاں تجارت کی شرح پندرہ ارب ڈالر ہے۔ ہندوستان کےوزیر خارجہ سلمان خورشید جمعے کو تہران پہنچے تھے۔ ان کا دورہ تین روزہ تھا۔

.....

/169