19 دسمبر 2012 - 20:30

مرکز اہلسنت پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایس ٹی کے سربراہ نے کہا کہ حکمران نظریہ پاکستان کے تحت پالیسیاں بنائیں تو دہشتگردی اور بیرونی مداخلت کے خاتمہ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

ابنا: موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک کے استحکام کیلئے تمام محب وطن قوتوں کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ مہنگائی، بیروزگاری، دہشتگردی کی اہم وجوہات حکومتی مثبت اقدام کا نہ ہونا ہے۔ کالعدم جماعتوں کے دہشتگرد آزاد گھوم رہے ہیں مگر انہیں بھگا دینے کے بجائے حکمران صرف زبانی خرچ سے کام لے رہے ہیں۔ کراچی میں قیام امن کیلئے ضروری ہے کہ کالعدم جماعتوں کو نام بدل کر کام نہ کرنے دیا جائے۔ پاکستان کی بقاء سلامتی، استحکام کیلئے حکمرانوں کی عوامی خواہشات کے مطابق فیصلے کرنے ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت پر شیر شاہ، بلدیہ ٹاؤن سے آئے ہوئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکمران نظریہ پاکستان کے تحت پالیسیاں بنائیں تو دہشتگردی اور بیرونی مداخلت کے خاتمہ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ آئین و قانون کی بالادستی میں ہی امن و امان کا قیام اور دہشتگردی کا خاتمہ پوشیدہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اعلیٰ عدلیہ آئین و قانون کی بالادستی کو قائم کرنے کیلئے جو خدمات انجام دے رہی ہے اسے جتنا سہرایا جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں اضافہ اس وجہ سے ہے کہ حکمران سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اقدامات کریں تو ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ ہوجائے گا مگر افسوس حکمرانوں نے اعلیٰ عدلیہ کے فیصلے پر عمل درآمد کی بجائے مصلحت پسندی سے کام لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکمران اپنے قول و فعل میں تضاد کو ختم نہیں کرنیگے ٹارگٹ کلرز اس کا فائدہ اُٹھا کر امن و امان کی فضاء کو تباہ کرتے رہیں گے۔ بہتر ہوگا کہ ملک و قوم کے عظیم تر مفاد میں محب وطن اور دہشتگرد میں تمیز کرتے ہوئے دہشتگرد عناصر کے خلاف قانون کے شکنجے کو ہر حال میں مضبوط بنایا جائے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/110