4 دسمبر 2012 - 20:30

ہندوستان کے ایک حکومتی عہدیدار نے پاکستان پر الزام لگایا ہے کہ اس نے ہندوستان کی سرزمین میں دراندازی کے لئے سرحدی علاقوں میں عسکریت پسندوں کی ٹریننگ کےلئے 42 کیمپ قائم کردیئے ہیں ۔

ابنا: غیرملکی خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کی وزارت داخلہ کے اعلی عہدیدار ملاپالے  راما چندرن (Mullappally Ramachandran) نے آج پاکستان پراپنی سرحد سے ملحقہ علاقوں میں عسکریت پسندوں کی ٹریننگ کےلئے 42 کیمپ قائم رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے مزید کہا کہ 25 کیمپ پاکستان کے زیرانتظام کشمیراور 17  ٹریننگ کیمپ مختلف سرحدی علاقوں میں قائم ہیں اور ان کیمپوں میں ڈھائی ہزار سے زیادہ عسکریت پسند ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں ۔ ہندوستان کے اس عہدیدار نے وضاحت کی کہ پاکستان یا اس ملک کے زیر انتظام کشمیرمیں بغیر کسی روک ٹوک کے یہ کیمپس کام کر رہے ہیں اور انہی ٹریننگ کیمپس سے تربیت پانے کے بعد دھشتگرد ہندوستان کی سرزمین میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہیں ۔ یاد رہے کہ سن 2004 میں دونوں ملکوں کے درمیان امن مذاکرات کے آغاز کے بعد سے پاکستان اور ہندوستان کے سرحدی علاقوں میں عسکریت پسندوں کی شدت پسند کاروائیوں میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔۔۔۔۔۔۔۔/110