19 اکتوبر 2012 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ایران خلیج فارس اور ہمسایہ ملکوں کی سلامتی نیز علاقائي قوموں کی ترقی کا محافظ ہے ۔

ابنا: صدر جناب احمدی نژاد نے آج کویت ٹی وی سے انٹرویو میں کہا کہ ایران نے کبھی کسی سے دشمنی نہیں کی بلکہ اسلامی جمہوریہ ایران خلیج فارس اور ہمسایہ ملکوں کی سلامتی نیز علاقائی قوموں کی ترقی کا محافظ ہے۔ صدر جناب احمدی نژاد نے ایران پر ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے کے مغرب کے بے بنیاد الزامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے بارہا اعلان کیا ہے کہ اسے ایٹم بم کی کوئي ضرورت نہیں ہے کیونکہ وہ  اس بات پر یقین رکھتا ہےکہ جن کے پاس ایٹم بم ہے وہ بھی اس سے استفادہ نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ مغرب نے ایران کے  ایٹمی مسئلے کو ملت ایران پر دباؤ ڈالنے کا بہانہ بنالیا ہے اور اسی بہانے وہ ملت ایران کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک ہمیشہ سے قوموں کی ترقی کے مخالف رہے ہیں ۔ صدر جناب احمدی نژاد نے ایران کے خلاف مغربی ملکوں کی پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغرب کی پابندیاں کبھی بھی ہماری خود مختاری پر اثرانداز نہیں ہوسکتی اور ملت ایران ان کی وجہ سے اپنے ترقی اور علم و سائنس میں پیشرفت کی راہ کو ترک نہیں کرے گي ۔ انہوں نے شام کے بحران کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مسئلے میں ہمارا موقف واضح اور شفاف ہے اور ہم متحارب گروہوں کے مابین مذاکرات کے خواہاں ہیں تا کہ شام میں قومی سطح پر مفاہمت وجود میں آسکے ۔  

.....

/169