14 اگست 2012 - 19:30

ہندوستان میں آج آزادی کی پینسٹھویں سالگرہ انتہائی جوش و جذبے سے منائی جا رہی ہے۔

ابنا: اطلاعات کے مطابق اس موقع پر ہندوستان کے تمام  چھوٹے بڑے شہروں میں عوام میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ یوم آزادی ہند کے موقع پر ملک کے بعض علاقوں میں دہشت گردوں کی جانب سے بدامنی پھیلانے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد دہلی سمیت متعدد ریاستوں میں سیکورٹی کے انتظامات  سخت کر دیئے گئے ہیں جبکہ حساس مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔
ادھر جموں وکشمیر میں 15 اگست کی آمد کے ساتھ ہی وادی بھر میں تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور یوم آزادی کی مناسبت سے ہونے والی تقاریب کے پیش نظر سرینگر اور وادی کے دیگر قصبوں میں پولیس اور فورسز کی گشت اضافہ کردیا گیا ہے اورسیکورٹی کی مختلف ایجنسیوں نے تلاشی کارروائیاں اچانک بڑھا دی ہیں۔ کشمیری حریت پسندوں نے یوم آزادی ہند کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب  شمال مشرقی ریاست آسام میں علیحدگي پسند تنظیم یونائٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام نے پندرہ اگست کو صوبے میں عام ہڑتال کی کال دی ہے۔ الفا نے آسام کے عوام سے کہا ہے کہ یوم آزادی کی تقریبات میں شرکت نہ کریں۔ الفا کے علاوہ دیگر سات تنظیموں نے بھی یوم آزادی کا بائيکاٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
15 اگست 1947 کو ہندوستان کو برطانوی سامراج سے آزادی ملی۔

.......

/169