11 اگست 2012 - 19:30

ہندوستان میں مسلم رہنماؤں نے ممبئی واقعے پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض شرپسند اور فرقہ پرست افراد نے پرامن احتجاج میں گھس کر احتجاج کو ناکام بنانے کی کوشش کی –

ابنا: آسام اور برما میں مسلم نسل کشی کے خلاف رضا اکیڈمی کے زیر اہتمام ممبئی کے آزاد میدان میں احتجاج کے دوران ہوئے تشدد پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے جمعیت علمائے ہند کے قومی صدر مولانا ارشد مدنی نے کہا ہے کہ ہماری رائے میں جن لوگوں نے احتجاج کرنا چاہا یہ ان کا کام نہیں ہے بلکہ فرقہ پرست لوگ اجتجاج کو ناکام بنانے کےلئے  اس میں شریک ہوئے ہیں اور وہ اپنی شرارت میں کامیاب ہوگئے ہیں – انہوں نے مظاہرین پر پولیس فائرنگ کی شدیدمذمت کی –ادھر شاہی امام سید احمد بخاری نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افسوس اس بات کا ہے کہ پورے دنیا میں مسلمانوں پر ظلم وزیادتی ہورہی ہے اور ہر جگہ مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہاہے ، برما نے تو مظالم کو پیچھے چھوڑ دیا اور آسام میں ساری حدیں پار ہوگئیں- انہوں نےکہا کہ کیا ہندوستانی مسلمانوں کو اتنا بھی حق نہیں کہ ردعمل ظاہر کرسکیں – شاہی امام نے مزید کہا کہ امریکہ میں جوکچھ ہوا افسوسناک ہے لیکن اس پر ہندوستان کے وزیر اعظم نے سخت احتجاج کیا جبکہ مسلمانوں کی زندگی کی کوئی قیمت نہیں ہے خواہ وہ کتنے مارے جائیں –واضح رہے ممبئی میں آسام اور برما میں جاری مسلم کش فسادات کیخلاف منعقدہ احتجاجی ریلی اس وقت پر تشدد ثابت ہوئی جب پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ کی جس میں 12افراد زخمی جبکہ دو مسلم نوجوان جاں بحق ہوئے ۔ رضا اکیڈمی سمیت چند مسلم تنظیموں نے تاریخی آزاد میدان میں احتجاجی ریلی منعقد کی تھی۔ جس کے دوران تمام مقررین نے مسلمانوں کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے ان فسادات پر غم و غصہ کا اظہار کیا تھا - تقریباً دس ہزار سے زائد افراد اس احتجاجی پروگرام میں شامل تھے –اس موقع پر چند شرپسندوں نے موقع کا فائدہ اٹھا کر پولیس کی دو گاڑیاں اور میڈیا کی تین او بی وین کو نشانہ بنایا اور انہیں جلا دیا ساتھ ہی سرکاری بسوں کو نشانہ بنایاگیا اور ان کے شیشوں کو توڑا گیا ۔ پولیس کے مطابق مظاہرین پر قابو پانے کے لئے پولیس کی جانب سےلاٹھی چارج اور آنسو گیس کے دوران تقریباً دس ہزار سے زائد افراد پر مشتمل مجمع میں ایک دم سے بھگدڑ مچ گئی جس کے دوران کئی افراد ایک دوسرے پر گرنے لگے اور کچل کر دب بھی گئے جبکہ  اس دوران پولیس کی فائرنگ میں دو مسلم نوجوان جان بحق ہوگـئے -

.......

/169