ابنا: افغانستان کے صوبۂ غور کے پولیس چیف دلاور شاہ دلاور نے نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ افغانستان کی سینیٹ کے ایک سابق رکن عطا اللہ بیک کی گاڑی جمعرات کے دن سہ پہر کے وقت چخچران شہر کے مضافات میں سڑک کے کنارے نصب ایک بم سے ٹکرا گئی۔ جس کے نتیجے میں ایک زبردست دھماکہ ہوا۔ اور عطااللہ بیک اس میں زخمی ہوگۓ لیکن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اس وقت جاں بحق ہوگے جب ان کو ہسپتال لے جایا جارہا تھا۔ دلاور شاہ دلاور کے مطابق اس بم دھماکے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک عام شہری بھی جاں بحق ہوا ہے جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے۔ ابھی تک کسی فرد یا گروہ نے اس حملے کی ذمےداری قبول نہیں کی ہے۔ واضح رہے کہ حالیہ برسوں کے دوران افغانستان میں اہم شخصیات اور قانون ساز اداروں کے اراکین پر حملوں میں شدت پیدا ہوئي ہے۔ اس سے قبل جمعیت اسلامی افغانستان کے ایک رکن احمد خان سمنگانی بھی شمالی افغانستان میں ایک بم دھماکے میں جاں بحق ہوگۓ تھے۔
.......
/169