23 جون 2012 - 19:30

آج چار شعبان کو اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے مختلف علاقوں میں علمدار کربلا حضرت ابوالفضل العباس ابن امیرالمومنین علی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے دن کی مناسبت سے جشن منائے جارہے ہیں۔

ابنا: کربلائے معلی میں علمدار کربلا کا روضہ اقدس لاکھوں زائروں سے چھلک رہا ہے۔ کربلا کے علاوہ نجف اشرف، کاظمین اور سامرا کے روضہ ہائے اقدس پربھی زائروں کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر دیکھا جاسکتا ہے۔ پرچم دار لشکر وفا کی ولادت باسعادت کے دن کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران میں مشہد مقدس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ اقدس کو بڑی خوبصورتی سے سجایا گیا ہے اور لاکھوں زائرین زیارت کا فیض اٹھانے کے ساتھ ساتھ جشن اور محفلوں میں شریک ہوکر محمد و آل محمد علیھم السلام کو نذرانہ عشق و محبت پیش کررہے ہیں۔ قم میں فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضہ اقدس پر بھی لاکھوں زائریں کا مجمع ہے جو حیدر کرار کے بیٹے کی ولادت کے دن کی مناسبت سے خوشیاں منارہا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران میں ہر دل پر قمر بنی ہاشم کی حکومت ہے اور یہاں شہنشاہ اقلیم وفا کا سکہ چلتا ہے۔ تہران میں سقائے کربلا کے نام پر جگہ جگہ شربت کی سبیلیں لگي ہیں۔ علماء و مراجع کرام کے گھروں میں جشن منائے جارہے ہیں جن میں ذاکرین اور شعرا بارگاہ خاندان نبوت و امامت میں نذرانہ عقیدت پیش کررہے ہیں۔ ......./169