3 جون 2012 - 19:30

عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کے شعبہ تعاون برائے فرہنگی امور کی جانب سے کتاب "مختصر الصلاۃ البتراء"؛ دراسۃ عقائدیۃ، تاریخیۃ، روائیۃ و فقہیۃ مقارنۃ تالیف "سید محمد ہاشم المدنی" چھپ کر منظر عام پر آچکی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی – ابنا – کی رپورٹ کے مطابق عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کے شورائے کتاب کے سیکریٹری حجت الاسلام عباس جعفری نے ہمارے رپورٹر کو کتاب کی اشاعت سے متعلق خبر دیتے ہوئے کہا: پیغمبر (ص) اور اہل بیت (ع) پر صلواۃ (درود و سلام) بھیجنے کی روش کا شمار شیعوں اور اہل سنت کے درمیان پائے جانے والے نہایت اہم اور حساس فقہی، کلامی اور تاریخی موضوعات اور مباحث میں ہوتا ہے۔اس کتاب میں نہایت درست اور منطقی اسلوب کے ذریعے یہ ثابت کیا گیا ہے کہ وہ درود و سلام جس کی سفارش خود خداوند عالم اور پیغمبر  اسلام (ص) نے کی ہے، درحقیقت "اللہم صل علی محمد وآلہ محمد" اور "صلی اللہ علیہ وآلہ" ہے۔

انہوں نے اضافہ کیا: اس کتاب کے مفاہیم کی بنا پر درود و سلام میں لفظ "آل" کو حذف کرنا جائز نہیں ہے اور اس بارے میں مخالفین کا استدلال صحیح بنیادوں پر استوار نہیں ہے۔ درحقیقت  لفظ "آل" کو صلواۃ اور درود و سلام سے حذف کرنے کی تبلیغ پہلی بار عوام کے درمیان بنی امیہ کے دور حکومت میں شروع ہوئی کیونکہ بنی امیہ کا شمار بنی ہاشم اور اہل بیت علیہم السلام کے سخت ترین دشمنوں میں ہوتا تھا۔

حجت الاسلام جعفری نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا: کتاب میں آنے والی بحثوں میں سے ایک بحث یہ ہے کہ لفظ "آل" کے بجائے "صحابہ" کے اضافے کا مقصد اہل بیت علیہم السلام کی شخصیت، مقام اور اہمیت کے خلاف محاذ جنگ کھولنا تھا۔ دوسری طرف "وسلم" کا اضافہ بھی ایک قابل تفسیر امر ہے۔ کیونکہ ان کی کوشش یہ تھی کہ کسی بھی شرعی دلیل کے بغیر "آل" کو حذف کرکے مذکورہ لفظ کا اضافہ کریں تاکہ اس طرح عبارت اور اصطلاح خوبصورت دکھائی دے۔

عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی شورائے کتاب کے سیکریٹری نے مزید کہا: یہ کتاب دراصل "مختصر الصلاۃ البتراء؛ دراسۃ عقائدیۃ، تاریخیۃ، روائیۃ و فقہیۃ مقارنۃ " کے عنوان سے موسسہ الکوثر سے چھپ کر سامنے آئی ہے جو351 صفحات پر مشتمل ہے۔ اسمبلی کے شورائے کتاب کے 73 ویں اجلاس میں کتاب کی تلخیص اور مختلف مورد نظر زبانوں میں اس کے ترجمے کی منظوری دی گئی۔وہ یاد دہانی کراتے ہیں: عالمی اہل بیت (ع) اسمبلی کے شعبہ تعاون برائے فرہنگی امور  کی جانب  سے کتاب "مختصر الصلاۃ البتراء؛ دراسۃ عقائدیۃ، تاریخیۃ، روائیۃ و فقہیۃ مقارنۃ" کے پہلے ایڈیشن  کے 3000 نسخے اشاعت کے بعد  بک سیلرز  پررکھ دئیے گئے ہیں۔ یہ کتاب کل 351 صفحات پر مشتمل ہے۔.......

/169