ابنا: ڈاکٹر لاریجانی نے آج نماز جمعہ سے پہلے خطاب کرتے ہوئے ایران کے تیل اور سنٹرل بینک کا بائيکاٹ کرنے میں امریکہ اور مغربی ممالک کی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ یہ پابندیاں ناکام ہوکر رہیں گي کیونکہ ملت ایران ہرگز مغرب کے باطل مطالبات کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گی اور اپنے حقوق پر ڈٹی رہے گي۔
انہوں نے کہا کہ رہبرانقلاب اسلامی کی جانب سے نئے شمسی سال کو قومی پیداوار اور ایرانی مشاغل و سرمائے کی حمایت سے موسوم کرنے سے دشمنوں کی پابندیاں مواقع میں تبدیل ہوجائيں گي اور ملت کی صلاحیتوں میں نکھار آجائے گا۔
ڈاکٹر لاریجانی نے لبنان، فلسطین اور افغانستان و عراق میں امریکہ کی شکست کی طرف اشارہ کرتےہوئے کہا کہ امریکہ، ایران پر پابندیاں لگا کر ان شکستوں کا بدلہ لینا چاہتا ہے۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف صہیونی حکام کی ہرزہ سرائي کو بے سود قراردیا اور صہیونی حکام کو خبردار کیا کہ ایران کے خلاف کسی غلطی کا ارتکاب نہ کریں کیونکہ ان کی چھوٹی سی غلطی انہیں بہت بھاری پڑے گي۔ ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ صہیونی ریاست کو فلسطین و لبنان کی مزاحمت سے سنگین شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اسی وجہ سے امریکہ کی ہمہ گير حمایت سے اپنی ناکامیوں کا تدارک کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
.......
/169