ابنا: کراچی کی معروف جلسہ گاہ نشتر پارک میں آج ایک عظیم الشان اجتماع کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں علمائے کرام، شیعہ رہنماؤں اور مختلف تنظیموں اور انجمنوں کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ عوام بڑی تعداد میں شریک ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے مطابق نشتر پارک کا پنڈال مکمل طور پر بھر چکا ہے اور عوام کی ایک بڑی تعداد جلسہ گاہ کے باہر بھی موجود ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قرآن و اہلبیت کانفرنس کا آج کا اجتماع کراچی کا تاریخ کا ایک بےمثال اجتماع ہے۔
جلسۂعام سے خطاب کرتے ہوئے علماء اور شیعہ رہنماؤں نے ملک میں اتحاد بین المسلمین کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرقہ واریت، لسانیت اور علاقائیت جیسے تعصبات کو ملکی سلامتی کے لیے خطرناک قرار دیا۔
مجلس وحدت مسلمین کے میڈیا انچارج ناصر شیرازی ایڈووکیٹ نے ریڈیو تہران سے گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان کے متوالوں، حاملان قرآن اور پیروان اہلبیت کا یہ عظیم الشان اجتماع فرقہ واریت کے خاتمے، پاکستان میں بڑھتے ہوئے امریکی اثرورسوخ اور طاغوتی قوتوں کے خاتمے کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
.....
/169