ابنا: سرکار ی اور نجی عمارتوں، مساجد، گلی کوچوں اورمحلوں کو برقی قمقموں اور آرائشی سامان سے دلہن کی طرح سجایا گیاہے۔آج دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ جشن عید میلادالنبی کی مناسبت سے پاکستان کے سرکاری اور نجی اداروں میں عام تعطیل ہے۔اس موقع پر چاروں صوبوں ، کشمیر، شمالی علاقہ جات اور ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں جلسے جلوس ،سیرت کانفرنسیں اور نعت خوانی اور میلادکی محافل منعقد کی جا رہی ہیں۔دارالحکومت اسلام آباد اور روالپنڈی میں سرور کائنا ت کی ولادت با سعادت کے موقع پر اہم عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے۔شاہراہیں جگمگارہی ہیں اور گلی گلی ذکر رسول کی محافل نے ماحول کو منور اور معطر کر دیا ہے ۔لاہور میں بھی سرکاری اورنجی عمارتوں،مساجد،مزارات اورگلی محلوں کوبرقی قمقوں اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ مختلف تنظیموں کی جانب سے جلوس نکالے گئے۔عید میلاد النبی کے روز کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے پاکستان بھر میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ۔ اہل سنت کے بارہ ربیع الاول جبکہ اہل تشیع سترہ ربیع الاول کو رسول اکرم نبی آخر الزماں‘ آقائے دو جہاں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یوم ولادت با سعادت مناتے ہیں اس لئے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے بارہ سے سترہ ربیع الاول تک ہفتہ وحدت منانے کا حکم دیا اور اب پوری دنیا میں پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت با سعادت کی تقریبات پورا ایک ہفتہ منائی جاتی ہیں اور اتحاد بین المسلمین کے حوالے سے مختلف تقریبات اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔........
/169