2 فروری 2012 - 20:30

عراق کی پارلیمنٹ میں دفاعی کمیشن نے عراق کی فضا میں امریکہ کے ڈرون طیاروں کی پرواز کی مخالفت کرتےہوئے اسے عراق کی ارضی سالمیت کی خلاف ورزی قراردیا ہے۔

ابنا: دفاعی کمیشن کے رکن قاسم الاعرجی نے کہا کہ عراق کی فضا میں امریکی ڈرون طیاروں کی پرواز عراق کے اقتدار اعلی کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے امریکہ کے اس دعوے کو مسترد کیا کہ امریکی ڈرون طیارے بغداد میں امریکی سفارتخانے کی حفاظت کے لئے استعمال کئے جارہے ہیں اور امریکی فوج اپنے سفارتخانے کی حفاظت کی ذمہ دار ہے۔ حالیہ دنوں میں امریکی ڈرون طیاروں کو بغداد کی فضا میں پرواز کرتےہوئے دیکھا گيا ہے۔ امریکی ڈرون طیاروں کی پرواز پر عراقی حکام نے شدید اعتراض کیا ہے۔ ادھر عراقی حکومت کے ترجمان علی الدباغ نے کہا ہے کہ عراق کی فضا میں امریکی ڈرون طیاروں کی پرواز عراقی حکام کی اجازت سے ہونی چاہیے۔

ادھر عراق کی حکومت کے ترجمان علی الدباغ نے کہا ہے کہ عراق ایران کے خلاف پابندیوں کی پیروی نہیں کرسکتا۔ علی الدباغ نے آج ایک بیان میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ہمارے قریبی اقتصادی تعلقات ہیں لھذا امریکہ کی پابندیوں سے عراق کے لئے بڑے مسائل سراٹھالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایران،عراق کے لئے غذائي اور دیگر ضروری مصنوعات فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ عراق کے اقتصادی تعلقات اربوں ڈالر کےہیں اور ہم ایران کےساتھ ان تعلقات کو ختم نہیں کرسکتے۔ ........

/169