ابنا: ایران کے ہر چھوٹے بڑے شہر اور قریے کی مساجد، امام بارگاہوں اور علماء کرام کے گھروں میں مجالس عزا کا سلسلہ جاری ہے۔ آل رسول(ص) کے عقیدت مندوں نے گذشتہ روز ہی سے عزاداری اور ماتمی جلوس نکالنے کا سلسلہ شروع کردیا تھا۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس شہروں میں نہایت ہی عقیدت مندی سے چہلم حضرت سید الشہدا علیہ السلام منایا جارہا ہے اور سارے کے سارے شہر سیاہ پوش ہیں۔ گھروں، مسجدوں، امام بارگاہوں، روضوں، مزارات اور سرکاری و نجی عمارتوں پر سیاہ پرچم لگائے گئے ہیں۔ مشہد مقدس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ مقدس میں گذشتہ دن سے لاکھوں زائرین کا مجمع ہے جو اپنے امام کو ان کے جد شہید کربلا کا پرسہ دے رہے ہیں۔ ماتمی جلوسوں کا سلسلہ گذشتہ شب ہی سے شروع ہوچکا تھا اور اس وقت مشہد اور اس کے اطراف کے علاقوں سے آنے والے دسیوں ہزار ماتمی جلوس حرم میں پہنچ کر سینہ کوبی اور عزاداری کررہے ہیں۔
مشہد مقدس میں اس وقت کم از کم پندرہ لاکھ زائرین کامجمع ہے جن میں دسیوں ہزار غیر ملکی زائرین بھی شامل ہیں۔ قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضہ اقدس میں بھی لاکھوں زائرین کا مجمع ہے جو آل رسول (ص) کاسوگ منارہا ہے۔ ۔ادھر تہران کے جنوب میں واقع حضرت شاہ عبدالعظیم حسنی علیہ السلام کی بارگاہ میں بھی لاکھوں زائرین کامجمع ہے جو بڑی عقیدت و احترام سے شہید کربلا کا چہلم منارہا ہیں۔ ادھرحسینہ امام خمینی رح میں بھی رہبرانقلاب اسلامی کی موجودگي میں آج اربعین کی مجلس ہوئي اور اس میں ہزاروں افراد بالخصوص طلباء نے شرکت کی، اس مجلس میں اھل بیت عصمت و طہارت علھیم السلام کے فضائل و مصائب بیان کئے گئے اور شرکاء نے سینہ کوبی کی ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سرحدی علاقوں میں جہاں برادران اھل سنت کی آبادی ہے، وہاں بھی بڑے عقیدت واحترام سے نواسہ رسول (ص) کا چہلم منایا جارہا ہے۔ کردستان، زاہدان اور دیگر سرحدی علاقوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق برادران اھل سنت دل وجان سے کربلا کے شہیدوں کی عزاداری کررہے ہیں اور سوگواران امام مظلوم کو امام کی نذر و نیاز بھی پیش کررہے ہیں۔
کربلا سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس وقت کربلا میں کم از کم پچاس لاکھ سے زائدزائرین اربعین حسینی منارہے ہیں۔ سارے عراق اوربیرون ملک سے تقریبا پچاس لاکھ سے زائد زائرین کربلا پہنچ چکے ہیں۔ کربلا میں اس وقت دسیوں ہزار ماتمی انجمنیں حضرت امام حسین اور حضرت عباس علیھماالسلام کے روضوں کے درمیان سینہ کوبی میں مشغول ہیں۔
ادھر عراق کے دیگر مقدس شہروں نجف، کاظمین اور سامرا میں بھی لاکھوں لوگ روضہ ہائے اقدس میں عزاداری میں مشغول ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لبنان اور شام میں بھی اھل بیت رسول اسلام صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے چاہنے والے بڑے عقیدت و احترام سے کربلا والوں کا سوگ منارہے ہیں۔ خلیج فارس کے عرب ملکوں میں بھی آج نواسہ رسول (ص) کا سوگ منایا گيا۔
سعودی عرب اور بحرین میں اھل بیت(ع) کے چاہنے والوں نے پولیس اور فوج کے کڑی پہرے نیز شدید حفاظتی انتظامات کے تحت اپنے اپنے گھروں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نواسے کا چہلم منایا۔ یاد رہے سعودی عرب اور بحرین میں اھل بیت عصمت و طہارت(ع) کے عقیدت مندوں کو مذہبی آداب بجالانے کی آزادی نہیں ہے اور ان کی مسجدیں اور امام بارگاہیں مسمار کردی جاتی ہیں یا ان میں تالے لگادیئے جاتے ہیں۔ ................
/169