ابنا: پاکستان کي تمام چھوٹي بڑي سياسي جماعتوں نے پاکستان اور امريکہ کے تعلقات کے بارے ميں درپيش چيلنجوں سے نمٹنے کے لئے قومي اتفاق رائے کي ضرورت پر زور ديا ہے - اور اس بارے ميں آل پارٹيز کانفرنس طلب کرنے پر اتفاق ہوگيا ہے - پاکستان کے وزير اعظم يوسف رضا گيلاني نے اتوار کو مسلم ليگ ن کے سربراہ مياں نواز شريف ، قائد حزب اختلاف چودھري نثار علي خان ، ايم کيو ايم کے قائد الطاف حسين ، قاف ليگ کے سربراہ چودھري شجاعت حسين ،عوامي نيشنل پارٹي کے سربراہ اسفنديار ولي ، جمعيت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن ، تحريک انصاف کے سربراہ عمران خان اور جماعت اسلامي کے امير منورحسن سميت چھوٹي بڑي سياسي جماعتوں کے قائدين سے رابطے کئےاور پاکستان و امريکہ تعلقات کے حوالے سے موجودہ صورتحال اور حکومتي حکمت عملي کے بارے ميں ان کو اعتماد ميں ليا
پاکستان کے وزير اعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق چيلنجز سے نمٹنے کے لئے تمام رہنماؤں نے قومي اتفاق رائے کي ضرورت پر زور ديتے ہوئے کہا کہ امريکي عزائم کے خلاف مشترکہ حکمت عملي بنانا ضروري ہے - تمام سياسي رہنماؤں نے کہا کہ قومي مفاد کے لئے ہر طرح کا تعاون کيا جائے گا - پاکستان کے وزير اعظم نے سياسي رہنماؤں کے ساتھ امريکي الزام ، دھمکيوں اور قومي سلامتي کے امور پر بھي تبادلہ خيال کيا-
ذرائع نے بتايا ہے کہ سياسي رہنماؤں نے قومي کانفرنس بلانے کي تجويز سے اتفاق کيا ہے - کانفرنس رواں ہفتے متوقع ہے وزير اعظم سيد يوسف رضا گيلاني نے وزير خارجہ حنا رباني کو امريکہ سے فوري طور پر وطن واپس پہنچنے کي ہدايت کردي ہے-
حنا رباني کو پاکستان اور امريکہ کے تعلقات کے حوالے سے صورتحال کے بارے ميں قومي سياسي قيادت کو بريفنگ کے لئے طلب کيا گيا ہے -...........
/169