9 جولائی 2011 - 19:30

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ایک اعلی عہدیدار نے دشمنوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایران کی دفاعی آمادگي پر زور دیا ہے۔

ابنا: سپاہ پاسداران میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندے جنرل محمد علی آسودی نے کہا ہے کہ سپاہ کے کندھوں پر اسلامی انقلاب کے ثمرات کی حفاظت کی ذمہ داری ہے اور وہ اس کی بھرپور حفاظت کے لیے ہمیشہ منصوبہ بندی کرتی ہے اور یہ منصوبہ بندی زمینی ، بحری ، فضائی ، سافٹ وار اور ثقافتی، تمام شعبوں میں ہوتی ہے۔

جنرل محمد علی آسودی نے مزید کہا کہ سپاہ پاسداران سمیت اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج مختلف فوجی مشقوں میں دشمنوں کے سامنے اپنی قوت کا بھرپور مظاہرہ کرتی ہیں اور پیغمبر اعظم چھے فوجی مشقیں اس کا ایک نمونہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی سافٹ وار کا مقابلہ کرنے کے لیے مختلف راستے اختیار کیے جاتے ہیں اور سپاہ پاسداران نے اس میدان میں دشمنوں کے ممکنہ خطروں کا مقابلہ کرنے کے لیے وسیع کوششیں انجام دی ہیں۔

دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کے رکن اسماعیل کوثری نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ایران کی میزائیلی اور فوجی طاقت علاقے کے امن و استحکام کو مضبوط بنانے کے لیے ہے۔انہوں نے پیغبر اعظم چھے فوجی مشقوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی فوجی مشقیں علاقے سے باہر کے ممالک خاص طور پر امریکہ اور صیہونی حکومت کو ایران کی دفاعی طاقت و توانائی دکھانے کے لیے ہیں۔

اسماعیل کوثری نے مزید کہا کہ اگر امریکہ اور صیہونی حکومت نے ایران کے خلاف کوئی اقدام کرنا چاہا تو ایران فورا ہی اس کا بھرپور اور دندان شکن جواب دینے کی طاقت اور آمادگي رکھتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

/169