ابنا: امریکہ نے دعوی کیا ہے کہ اس نے یہ کھیپ ارجنٹائن کی پولیس کو تربیت دینے کے لیے اس ملک میں بھیجی ہے جب کہ ارجنٹائن کا کہنا ہے کہ امریکہ ہتھیاروں کی یہ کھیپ غیرقانونی طور پر ارجنٹائن میں داخل کرنا چاہتا تھا۔ ارجنٹائن کے وزیر خارجہ ہکٹور ٹیمر مین نے سی این این کو انٹرویو دیتےہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ واشنگٹن کو اس بات کی طرف متوجہ ہونا چاہیے کہ وہ ارجنٹائن کے حکام کی ہم آہنگی کے بغیر ملک میں ہتھیار نہیں لا سکتا اور اسے اس سلسلے میں تعاون سے گریز نہیں کرنا چاہیے۔
دونوں ملکوں کے حکام اس تنازعہ کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ جب سے یہ فیصلہ ہوا ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما لاطینی امریکہ کے ملکوں کے دورے کے دوران ارجنٹائن کا سفر نہیں کریں گے، دونوں ملکوں کے تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں۔ باراک اوباما لاطینی امریکہ کے ملکوں کے دورے کے دوران برازیل چلی اور السلواڈور کا دورہ کریں گے۔ارجنٹائن کے حکام نے امریکہ پر الزام لگایا ہے کہ وہ ہتھیاروں اور منشیات کے ارجنٹائن میں غیرقانونی داخلے کے بارے میں تعاون نہیں کر رہا ہے۔ ارجنٹائن کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کا ملک اس معاملے میں اقوام متحدہ میں امریکہ کے خلاف شکایت کر رہا ہے۔ارجنٹائن کسٹم کی سکیورٹی فورسز نے جمعرات کے روز بیونس آئرس کے قریب منسٹرو پیسٹارینی ہوائي اڈے پر امریکہ کے فوجی طیارے سی - 17 کی تلاشی لی تھی جس سے ہتھیاروں کی کھیپ اور منشیات برآمد ہوئی تھیں۔ امریکی وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں کہا ہے کہ اس کھیپ میں شامل تمام چیزوں کے بارے میں پہلے سے بتا دیا گيا تھا اور ہتھیاروں کی یہ کھیپ یرغمالیوں کو رہا کرانے کے لیے ارجنٹائن کی پولیس کو تربیت دینے کے مقصد سے بھیجی گئی تھی۔ امریکہ دعوی کرتا ہے کہ وہ کولمبیا منصوبے کے تناظر میں منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ کا مقابلہ کر رہا ہے۔ لیکن اس وقت منشیات اور اسلحے کی اسمگلنگ کرنے والے اکثر گروہوں کا کسی نہ کسی طرح امریکہ سے تعلق ہے۔ ارجنٹائن کے حکام نے اتوار کے روز اس سلسلے میں اقوام متحدہ سے شکایت کی ہے اور امکان ہے کہ شواہد اور قرائن کے پیش نظر امریکہ کو اس بارے میں مجرم قرار دے دیا جائے گا۔
........
/110