18 اکتوبر 2010 - 20:30

حقیقت یہ ہے کہ ایران ایک ایسے جغرافیائی خطے میں واقع ہے جس کی بہت زیادہ اہمیت ہے اس کے علاوہ علاقے کے ملکوں کے ساتھ اس کے گہرے تعلقات ہیں؛ اسی لئے بہت سے مبصرین کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف پابندیا‏ں عائد کرنے کا فارمولہ پیش کرنے والے امریکہ کے نائب وزیرخزانہ کے اس دورے کا مقصد امریکہ کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنا ہے۔

ایک ایسے وقت جب ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے سلسلے میں امریکہ کی یکطرفہ کوششوں کو عالمی سطح پر کوئی پذیرائی حاصل نہیں ہوسکی ہے امریکہ کے نائب وزیر خزانہ سٹوارٹ لیوی  (Stuart Levey) خلیج فارس کے عرب ملکوں کے دورے پر ہیں تاکہ وہ اپنے زعم میں ان ملکوں کو ایران مخالف یکطرفہ بائیکاٹ میں شریک کرسکیں۔ امریکی نائب وزیرخزانہ نے اپنے اس دورے کے موقع پر میں کہا ہے کہ وہ خلیج فارس کے تمام عرب ملکوں پر اس بات کے لئے زور ڈالیں گے کہ وہ ایران مخالف پابندیوں میں شامل ہوں۔امریکہ کے اس عہدیدار کا علاقے کے ملکوں کا یہ دورہ ایک ایسے وقت انجام پارہا ہے جب کہ سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکہ ایران کے خلاف پابندیوں کو کامیاب بنانے کی اپنی کوششوں میں خود کو ناکام دیکھ رہا ہے۔ امریکہ کی یکطرفہ پابندیوں پر روس اور چین کی مخالفت اور ایران کے ساتھ توانائی کے شعبے میں ان کے معاہدے کے تعلق سے علاقائی ملکوں منجملہ ہندوستان، پاکستان اور ترکی کی آمادگی کا اعلان اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکہ کی غیرمنطقی اور بلاجواز یکطرفہ پابندیوں پر عالمی سطح پرکوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔امریکہ اور بعض یورپی ملکوں کی ایران مخالف یکطرفہ پابندیوں پر دنیا کے بہت سے ملکوں اور عالمی برادری نے شدید احتجاج کیا ہے اور عالمی برادری کسی بھی صورت میں امریکہ کی پالیسی کی پیروی کرنے کو تیار نہیں ہے؛ علاقے کی رائے عامہ بھی امریکی پالیسیوں کی مخالف ہے اسی لئے بحرین سے شائع ہونے والے روزنامہ الوسط نے اپنے تازہ ترین شمارے میں لکھا ہے کہ امریکہ کے نائب وزیرخزانہ کا یہ دورہ ناکام رہے گا۔اس اخبار نے لکھا ہے کہ اس طرح کی پابندیاں اسی صورت میں کارگر ثابت ہوسکتی ہیں جب وہ ممالک جن کے خلاف پابندیاں لگائی جارہی ہیں علاقائی اورعالمی سطح پر وسیع تعلقات کے حامل نہ ہوں اور ان کے پاس توانائی کے وسیع ذخائر بھی نہ ہوں اور ساتھ ہی ان کی معیشت بھی کمزور ہو۔ اس اخبار نے لکھا ہے کہ حقیقت یہ ہے کہ ایران ایک ایسے جغرافیائی خطے میں واقع ہے جس کی بہت زیادہ اہمیت ہے اس کے علاوہ علاقے کے ملکوں کے ساتھ اس کے گہرے تعلقات ہیں؛ اسی لئے بہت سے مبصرین کا کہنا ہے کہ ایران کے خلاف پابندیا‏ں عائد کرنے کا فارمولہ پیش کرنے والے امریکہ کے نائب وزیرخزانہ کے اس دورے کا مقصد امریکہ کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنا ہے کیونکہ امریکی حکام بھی اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس طرح کے اقدامات کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا اور ایران کبھی بھی مغربی ملکوں اور واشنگٹن کے دباؤ کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔

/11