26 نومبر 2026 - 16:55
اہلِ سنت کے ساتھ اتحاد، آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی کے مکتبِ فکر کا روشن نمونہ تھا

آیت اللہ شیخ انور فقیہی کی عالمی اہل بیت اسمبلی کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات میں علمائے اسلام کی جانب سے باہمی فکری مشاورت کو خصوصی اہمیت دینے اور سطحی طرزِ عمل سے آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی کی یادگاری تقریب کے انعقاد پر اظہارِ تشکر کے لیے ہونے والی اس نشست میں آیت اللہ رمضانی اور شیخ انور فقیہی نے عالمِ اسلام کی رائے عامہ میں بیداری کا ذکر کرتے ہوئے گہرے ثقافتی اور اتحادِ امت کے فروغ پر مبنی پروگرام مرتب کرنے کا مطالبہ کیا۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان سے تعلق رکھنے والے حجۃ الاسلام شیخ انور فقیہی (علامہ فقیہی کے فرزند) اور اسلام آباد، پاکستان کے ادارے افکار و آثارِ محسن ملت کے نمائندے کی آیت اللہ رمضانی، سیکریٹری جنرل عالمی اہل بیت اسمبلی، سے مشترکہ ملاقات اور نشست مجلس کے دفتر میں منعقد ہوئی۔ یہ ملاقات پاکستانی ادارے کی جانب سے آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی کی رحلت کی یاد میں منعقدہ تقریب کے انعقاد میں آیت اللہ رمضانی اور مجلسِ عالمی اہلِ بیتؑ کی کوششوں اور خدمات پر اظہارِ تشکر کے لیے ترتیب دی گئی تھی۔

اس نشست میں دونوں فریقوں نے مرحوم آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی کی علمی، اخلاقی اور جدوجہد پر مبنی زندگی کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا اور عالمِ اسلام میں جاری تبدیلیوں کا سامنا کرنے کے لیے شیعہ اور اہلِ سنت علمائے کرام کے درمیان اتحاد، باہمی فکری مشاورت اور فعال کردار کی ضرورت پر زور دیا۔

آیت اللہ رمضانی نے ملاقات کے آغاز میں علامہ فقیہی کے فرزند کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی کے بلند علمی اور اخلاقی مقام پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ممتاز عالم نجف کے حوزہ ہائے علمیہ کے نمایاں شاگردوں میں سے تھے۔ ان کے علمی مدارج اور طرزِ سلوک تمام طلبہ، بالخصوص پاکستانی علما اور طلبہ کے لیے ایک قابلِ قدر نمونہ بن سکتے ہیں۔

عالمی اہل بیت اسمبلی کے سیکریٹری جنرل نے اس مرحوم عالم کی بے مثال تواضع کو بھی نمایاں کیا اور کہا: ’’اللہ تعالیٰ متواضع انسان کو صرف اس کی تواضع کے مطابق ہی نہیں، بلکہ اپنی عظمت اور بزرگی کے مطابق بھی رفعت عطا کرتا ہے۔ آیت اللہ نجفی کی شخصیت میں یہ اخلاقی خوبی نمایاں طور پر موجود تھی۔

انہوں نے معاشرے کے عام افراد اور علمی و سماجی شخصیات پر آیت اللہ نجفی کے گہرے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آنے والی نسلوں کی تربیت، قرآنی موضوعات پر تصانیف اور عالمِ اسلام کے حالات و واقعات سے باخبر رہنے کے حوالے سے مرحوم کی خدمات بے مثال تھیں۔

عالمی اہل بیت اسمبلی کے سیکریٹری جنرل نے آیت اللہ نجفی کے انقلابی نظریات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم اسلامی انقلاب کی تحریک کی حمایت میں واضح اور دوٹوک مؤقف رکھتے تھے۔ ان کا معروف جملہ کہ یہ انقلاب خمینی الحدوث اور خامنہ ای البقا ہے‘‘ ان کی گہری بصیرت کا عکاس ہے۔

انہوں نے عصرِ حاضر کے بڑے واقعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ الٰہی نعروں، آزادی، انسانی کرامت اور عدل و انصاف کے پیغام کے ساتھ ایک دینی انقلاب کا ظہور، استکباری طاقتوں کے مقابلے میں قوموں کے عزم و ارادے کو مضبوط کرنے کا ایک نیا نمونہ پیش کرتا ہے۔

آیت اللہ رمضانی نے مزاحمت کے شہدا، سائنس دانوں اور ایثار و قربانی کا مظاہرہ کرنے والے کمانڈروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے زور دیا کہ جارحین کے مقابلے میں ثابت قدمی نے ثابت کر دیا ہے کہ ترقی اور خودمختاری دین، ایمان اور علم کی روشنی میں حاصل ہوتی ہے۔ اگر وہ مجاہد عالم آج ہمارے درمیان موجود ہوتے تو بلا شبہ تحریکِ مزاحمت کے حامیوں کی صفِ اول میں کھڑے ہوتے۔

آیت اللہ رمضانی نے اس بات پر زور دیا کہ آیت اللہ نجفی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے صرف ان کے اخلاقی اور علمی پہلوؤں تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ مرحوم کی زمانہ شناسی، استکبار دشمنی اور شخصیت کے مختلف پہلوؤں کی جامعیت کو یادگاری تقریبات کا بنیادی محور ہونا چاہیے۔

انہوں نے پاکستان میں مرحوم کے عام لوگوں اور اہلِ سنت علمائے کرام کے ساتھ وسیع روابط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کے بارے میں ان کی گہری سمجھ بوجھ کے باعث ان کی مجالس اور ان کے زیرِ انتظام ادارہ، اتحادِ امت اور برادرانہ بقائے باہمی کے مرکز میں تبدیل ہو گئے تھے۔

آیت اللہ رمضانی نے دینی مرجعیت کے احترام اور مقام، نیز نجف اور قم کے حوزہ ہائے علمیہ کے بنیادی اداروں کے تحفظ پر بھی زور دیا اور پاکستانی علمائے کرام کی کوششوں کو سراہا۔ مجلسِ عالمی اہلِ بیتؑ کے سیکریٹری جنرل نے حجۃ الاسلام فقیہی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اور یہ ادارہ شیعہ برادری کے امور کی نگرانی و انتظام اور معارفِ اہلِ بیتؑ کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ مجلس آپ کی اسٹریٹجک تجاویز پر عمل درآمد کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

ملاقات کے دوران حجۃ الاسلام شیخ انور فقیہی نے ہونے والی ملاقاتوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے عالمِ اسلام کے حساس حالات کا تجزیہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مزاحمت کے شہدا کی قربانیوں نے عالمِ اسلام کی رائے عامہ اور امتِ مسلمہ کے دلوں کو پہلے سے کہیں زیادہ بیدار کر دیا ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا:آج حقیقتِ مزاحمت اور فکرِ اہلِ بیتؑ کی طرف رجحان، ہمارے اہلِ سنت بھائیوں میں بھی پہلے سے کہیں زیادہ قبولیت کے لیے آمادہ ہے اور ہمیں اس تاریخی موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔‘‘

ادارہ افکار و آثارِ محسن ملت کے نمائندے نے روایتی اور سطحی طریقوں پر انحصار کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ فکری اور ثقافتی بنیادوں کے بغیر محض جذباتی طرزِ عمل اور نعرے بازی پر اکتفا کرنا کافی نہیں۔ ممتاز علمائے کرام کو باہمی مشاورت اور ماضی کے راستے پر نظرثانی کرتے ہوئے عملی حکمتِ عملی پیش کرنی چاہیے۔

شیخ انور فقیہی نے آیت اللہ نجفی کی زندگی کے آخری ایام میں ان کی تشویشات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم عالم ہمیشہ پاکستان کے پیچیدہ سماجی اور مذہبی حالات اور دشمنوں کی جانب سے ان کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کی کوششوں کے بارے میں خبردار کرتے رہتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آیت اللہ نجفی کا گہرا تجزیہ اس بات کی نشاندہی کرتا تھا کہ دشمنوں کو ذرائع ابلاغ کے پروپیگنڈے اور گمراہ کن اشتعال انگیزیوں کے ذریعے مسلمانوں کی صفوں میں انتشار پیدا کرنے یا بدنیتی پر مبنی مداخلتوں کے لیے حالات سازگار بنانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

اس دینی و علمی شخصیت نے آخر میں بنیادی اور دیرپا اقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا: بیس ممتاز علمائے کرام کو بھی ایک جگہ جمع کرکے باہمی مشاورت اور دانش مندانہ فیصلے کرنا، مظاہروں اور منتشر سرگرمیوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ گہرے اور دیرپا اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ انہوں نے اسلامی معاشروں کے لیے ایک جامع لائحۂ عمل مرتب کرنے کی غرض سے علمی و فکری شخصیات کے ایسے اجلاسوں کا سلسلہ جاری رکھنے کا مطالبہ کیا۔

ملاقات کے اختتام پر پاکستانی ادارے افکار و آثارِ محسن ملت کی جانب سے آیت اللہ شیخ محسن علی نجفی کی رحلت کی یاد میں منعقدہ تقریب کے انتظامات اور انعقاد میں آیت اللہ رمضانی کی کوششوں اور خدمات کے اعتراف میں انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha