اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اخبار نیویارک پوسٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے ایران کے خلاف جنگ ختم کرنے کی ڈیموکریٹس کی کوششوں پر ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جنگ روکنے سے وہ کامیابی، جسے وہ اپنی فتح قرار دیتے ہیں، شکست میں تبدیل ہو جائے گی۔
ٹرمپ نے اپنے سابقہ مؤقف سے پیچھے ہٹتے ہوئے کہا: ’’میرا مقصد یہ ہے کہ ایران کے پاس جوہری ہتھیار نہ ہوں۔ میں وہاں نظام حکومت کی تبدیلی کے حق میں کبھی تھا اور نہ اس کے خلاف۔ ایران میں حکومت کی تبدیلی میرا مقصد نہیں ہے۔‘‘
تاہم، امریکی صدر نے ایران میں حکومت کی تبدیلی کو صیہونی حکومت کا مقصد قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ممکن ہے وہ اس مقصد کو حاصل کر لے، لیکن یہ ان کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے۔
ٹرمپ نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ جنوری میں ڈیموکریٹس کے ایوانِ کانگریس پر کنٹرول حاصل کرنے کے بعد ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کے ان کے اختیارات محدود ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنگ کے اخراجات کے لیے مالی وسائل تقریباً جنوری 2027ء کے اختتام تک دستیاب ہیں۔
ایران کی جانب سے ایک اسکول پر مہلک حملے کے معاوضے کے مطالبے پر ردعمل دیتے ہوئے امریکی صدر نے تہران کے خلاف الزامات عائد کیے اور دعویٰ کیا کہ دراصل معاوضہ امریکہ کو ملنا چاہیے۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اخبار واشنگٹن پوسٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ بعض ریپبلکن ارکانِ کانگریس ایران کے خلاف جنگ کے اخراجات کی فنڈنگ روکنے کے معاملے پر ڈیموکریٹس کے ساتھ معاہدے کے لیے تیار ہیں۔ یہ صورت حال ٹرمپ حکومت پر جنگ ختم کرنے کے لیے بڑھتے ہوئے اندرونی دباؤ کی عکاسی کرتی ہے۔
آپ کا تبصرہ