اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، کراچی میں پیر کو سندھ یوتھ کارڈ اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ 20 سال سے پاکستان کی سیاست میں ہیں اور اس سے تھوڑا کم عرصے سے پارلیمنٹ کا حصہ ہیں۔ ان کا تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ رہا ہے۔ لیکن اگر وہ خود مایوس ہیں تو پاکستان کے نوجوانوں کا کیا عالم ہو گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اعتماد بحال کرنے کے لیے اگر کوئی ری سیٹ ہونا ہے تو وہ جمہوری ری سیٹ ہوگا۔ اگر یہ ہو گا تو عوام کا اسٹیک رہے گا۔ اس ری سیٹ کے ذریعے ہم نے پارلیمنٹ کی بالادستی کو بحال کرنا ہے۔ عدالتوں کا اعتماد بحال کرنا ہے۔ الیکشن کے نظام، احتساب کے نظام کا اعتماد بحال کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا بچہ بچہ کرپشن سے نفرت کرتا ہے۔ ملک کے نوجوان ایسا ملک دیکھنا چاہتے ہیں جہاں کرپشن نہ ہوں۔ ہم بھی چاہیں گے کہ ایسا پاکستان بنائیں۔ اس کے لیے دو کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ایک ایسا قدم اٹھانا کہ ماڈرن ٹیکنالوجی کا استعمال کریں اور ایسا نظام بنائیں کہ کرپشن کا راستہ بند کریں۔ اسی کے ساتھ ایسا نظام بنانا پڑے گا جو بلاتفریق کام کرے اور انتقام لینے کے بجائے حالات درست کرنے کے لیے کام کرے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ مل کر اپوزیشن اور حکومت کا ایک دوسرے پر اعتماد بحال ہو۔ ملک کے عوام کا اعتماد اپنے ہی نظام پر بحال ہو۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کے بقول اگر ہم ایسے حالات پیدا کریں گے۔ ملک میں پہلی دفعہ اتحاد بحال کریں گے اور ایسا اتحاد قائم کریں گے جو تمام مسائل کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے تو پھر انہیں کوئی پرواہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسا پاکستان جو متحد ہے وہ کسی بھی مسائل، آفت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ہم کر کے دکھائیں گے۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر ہم آپس میں لڑتے رہیں گے۔ تقسیم ہوتے رہیں گے۔ امید کے بجائے نفرت کو پھیلائیں گے تو پھر ہم کسی بھی بحران کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھیں گے۔ پھر جو پاکستان کے ساتھ ہوگا تو یہی نوجوان ہم سے حساب لیں گے کہ آپ تھے تو آپ نے اس طرح کی مشکلات سے بچانے کے لیے کیا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر وہ کامیاب ہوئے تو پاکستان کے عوام اور ملک کے فائدے کے لیے ہو گا اور اگر ناکام ہوا تو تاریخ یاد رکھے گا کہ ایک نوجوان کھڑا ہے اور اس نے کوشش کی۔
آپ کا تبصرہ