19 نومبر 2026 - 11:28
امریکی فوجی جارحیت کے جواب میں دفاعی کارروائیوں سے متعلق ایرانی وزارتِ خارجہ کا بیان

ایران کی وزارتِ خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتِ حال کے نتیجے میں پیدا ہونے والے قانونی اور بین الاقوامی نتائج کی ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔

اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی  رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے گزشتہ چند روز کے دوران ملک کے جنوبی ساحلی علاقوں میں مختلف مقامات پر امریکی فوج کی جارحانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔

بیان کے مطابق، ایرانی مسلح افواج نے ان اقدامات کے جواب میں اور قومی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے دفاعِ مشروع کے فطری حق کے تحت، خطے کے ان دو فوجی اڈوں میں موجود امریکی پیٹریاٹ دفاعی نظاموں اور ڈرون و میزائل لانچنگ پلیٹ فارمز کو بھرپور دفاعی حملوں کا نشانہ بنایا ہے، جو ایران کے خلاف جارحانہ کارروائیوں کے آغاز اور ان کی معاونت کا مرکز تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران کی دفاعی کارروائیوں کا مقصد جارحیت کے منبع اور اس کی معاونت کرنے والے بنیادی ڈھانچے کا مقابلہ کرنا تھا۔ اس صورتِ حال کے نتائج کی قانونی اور بین الاقوامی ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے، جس نے بین الاقوامی قانون کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی اور طاقت کے غیرقانونی استعمال کے ذریعے خطے کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

ایران نے خطے کے ممالک کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیتے ہوئے ان سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ ضروری اقدامات کریں تاکہ جارح قوتیں ان کے علاقوں، فوجی اڈوں اور وہاں موجود سہولتوں کو ایران کے خلاف کارروائیوں کی منصوبہ بندی، تیاری اور ان پر عمل درآمد کے لیے استعمال نہ کر سکیں۔

اس بیان میں یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ اگر خطے کے ممالک اپنی سرزمین کو اس مقصد کے لیے استعمال ہونے سے نہیں روکتے تو یہ اقدام نہ صرف حسنِ ہمسائیگی کے اصول کے منافی ہوگا بلکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد 3314 کے ضمیمے کی شق 3، پیراگراف (f) کے تحت ’’جارحانہ کارروائی‘‘ کے زمرے میں بھی آئے گا۔ اس صورت میں ایران کو ان ممالک کے خلاف دفاعی اقدامات کرنے کا مکمل حق اور جواز حاصل ہوگا۔

تاہم بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ایران نے اب تک ہمسائیگی کے تقاضوں اور امتِ مسلمہ کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا ہے اور ان ممالک میں صرف امریکی فوجی اڈوں اور فوجی اثاثوں کو نشانہ بنایا ہے۔

وزارتِ خارجہ نے اقوام متحدہ، بالخصوص سلامتی کونسل اور اس کے سیکریٹری جنرل کی منشور کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ذمے داری بھی یاد دلائی۔ بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے منشور کے بنیادی اصولوں، خصوصاً دفعہ 2 کی شق 4 میں درج طاقت کے استعمال کی ممانعت کے اصول کی، سلامتی کونسل کے ایک مستقل رکن کی جانب سے مسلسل خلاف ورزی پر خاموشی اور بے عملی نہ صرف اقوام متحدہ کی ساکھ کو کمزور کرتی ہے بلکہ جارحیت کے دوبارہ وقوع اور بین الاقوامی امن کو لاحق بڑھتے ہوئے خطرات کی راہ بھی ہموار کرتی ہے۔

بیان کے آخری حصے میں ایرانی وزارتِ خارجہ نے خطے کے بعض فریقوں کے غیرذمہ دارانہ طرزِ عمل کی مذمت کی ہے، جو امریکی جارحیت کو نظرانداز کرتے ہوئے ایران کی دفاعِ مشروع کی کارروائیوں پر تنقید کرتے ہیں۔ وزارت نے ان فریقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران سے شکایت کرنے کے بجائے امریکہ کو خطے کے ممالک کی سرزمین اور وہاں قائم فوجی اڈوں کو ایران کے خلاف جارحیت کی تیاری اور اس پر عمل درآمد کے لیے استعمال کرنے سے روکیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارتِ خارجہ نے بیان کے اختتام پر ملک کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی جارحیت یا دشمنانہ اقدام کی تکرار کا سامنا مسلح افواج کے فیصلہ کن اور پشیمان کن جواب سے ہوگا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha