18 نومبر 2026 - 11:35
روسیہ کا امریکہ پر جنگ شروع کرنے کا الزام، فوری طور پر حملے بند کرنے کا مطالبہ

روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے خلیج فارس میں کشیدگی کی نئی لہر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ کو موجودہ تنازع کا آغاز کرنے والا فریق قرار دیا اور حملوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اہلِ بیت(ع) انٹرنیشنل نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، روسی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے خلیج فارس میں کشیدگی میں اضافے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے گرد جاری تنازع کو روکنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے آج کی پریس کانفرنس میں کہا: ’’افسوس کے ساتھ ہم خلیج فارس کے خطے میں کشیدگی کی ایک نئی لہر کا مشاہدہ کر رہے ہیں۔ گزشتہ چند روز کے دوران تنازع کے فریقوں نے ایک دوسرے پر نئے حملے کیے ہیں۔ ایران کے جزیرے قشم اور بحرین کی سرزمین پر بھی حملے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

روسی سفارت کار نے مزید کہا: ’’اس نوعیت کے حملے خطے کے ممالک کی خودمختاری اور سلامتی کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور افسوس ناک طور پر ان کے نتیجے میں جانی نقصان اور مالی تباہی بھی ہوتی ہے۔

زاخارووا نے ان حملوں کی ذمہ داری امریکہ پر عائد کرتے ہوئے کہا: ’’روس ایک بار پھر موجودہ محاذ آرائی کے تمام فریقوں، بالخصوص اس کے آغاز کرنے والے امریکہ سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ فوری طور پر لڑائی بند کریں۔ ہم شہریوں پر حملوں اور کسی بھی قسم کی شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے، بشمول خلیج فارس کے عرب ممالک کی سرزمین پر حملوں کو مکمل طور پر ناقابلِ قبول سمجھتے ہیں۔

روس اس سے قبل بھی ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی فوجی جارحیت کی بارہا مذمت کر چکا ہے۔ اسی کے ساتھ روس نے ان ممالک پر ہونے والے حملوں کے حوالے سے بھی اپنا مؤقف پیش کیا ہے جہاں امریکی فوجی اڈے قائم ہیں۔

اس سے قبل اقوام متحدہ میں روس کی قائم مقام ناظم الامور آنا اوستینیوا نے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کے حملوں پر تنقید کرتے ہوئے ان اقدامات کو خطے میں کشیدگی بڑھنے کی بنیادی وجہ قرار دیا تھا۔ انہوں نے زور دیا تھا کہ کسی بھی ملک کی پُرامن جوہری تنصیبات اور شہری بنیادی ڈھانچے پر حملہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha