16 نومبر 2026 - 15:58
باب المندب پر دوبارہ قبضے کے لیے سعودی عرب کی جوابی کارروائی ناکام؛ سعودی حمایت یافتہ گروہ عدن پسپا

سعودی عرب کے حمایت یافتہ سلفی مسلح گروہوں نے آبنائے باب المندب کے جنوب میں اپنے ٹھکانے خالی کرکے عدن کی جانب پسپائی اختیار کرلی ہے۔ یمن کے مسلح افواج نے اس علاقے میں اہم مقامات کا کنٹرول سنبھالنے کے ساتھ عدن کو باب المندب سے ملانے والی ساحلی شاہراہ تک بھی رسائی حاصل کرلی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سعودی عرب سے وابستہ تمام سلفی مسلح گروہوں نے آبنائے باب المندب کے جنوب میں محاذوں پر اپنی پوزیشنیں چھوڑ دیں اور شہر عدن کے شمالی علاقوں میں نئی صف بندی کرلی ہے۔ جنوبی یمن کے بعض کارکنوں کے نزدیک یہ صورت حال آبنائے باب المندب کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب کی قیادت میں شروع کی گئی جوابی کارروائی کی عبرت ناک ناکامی کا نتیجہ ہے۔

لبنان کے اخبار الاخبار کی رپورٹ کے مطابق، اگرچہ یمن کی مسلح افواج کا جنوبی علاقوں میں داخل ہونے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم ان مسلح گروہوں میں ان افواج کی عدن کی جانب پیش قدمی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ خاص طور پر اس وقت سے جب یمن کی مسلح افواج نے عدن کو آبنائے باب المندب سے ملانے والی ساحلی شاہراہ پر واقع تمام اہم مقامات کا کنٹرول حاصل کرلیا اور عملاً اس راستے تک اپنی رسائی یقینی بنالی۔

یمن کی مسلح افواج نے دو روز قبل تزویراتی اہمیت کے حامل الخرز فوجی کیمپ کا کنٹرول بھی سنبھال لیا تھا۔ یہ کیمپ ساحلی شاہراہ سے ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پر، المضاربہ اور رأس العارہ کے علاقوں میں واقع ہے اور عدن کے شمال میں خور عمیرہ کے قریب واقع ہے۔

آبنائے باب المندب کے اطراف یمنی مسلح افواج کے کنٹرول میں توسیع

یمن کی مسلح افواج کے شعبہ جنگی اطلاعات نے رأس العارہ اور المضاربہ کے علاقوں سے سعودی حمایت یافتہ فورسز کو نکالے جانے کی تصاویر جاری کی ہیں۔ اس مرکز کے مطابق، ان تصاویر سے ظاہر ہوتا ہے کہ یمنی افواج نے اس پورے علاقے کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے جو آبنائے باب المندب کے جنوب سے خور عمیرہ تک پھیلا ہوا ہے۔

یمن کی مسلح افواج نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران بھی تعز کے جنوبی دیہی علاقوں اور لحج کے مغربی حصے میں تقریباً 15 اضلاع کا کنٹرول حاصل کیا تھا۔ یہ علاقے 15 ہزار مربع کلومیٹر سے زیادہ رقبے پر محیط ہیں۔ ان پیش قدمیوں سے آبنائے باب المندب کی حفاظت یقینی بنانے اور ایسے تمام جغرافیائی و سکیورٹی خلا ختم کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے جنہیں اس گزرگاہ سے بحری آمدورفت میں خلل ڈالنے کے لیے استعمال کیا جاسکتا تھا۔

حالیہ جھڑپوں کے نتائج سے آبنائے باب المندب کے مشرقی جانب اس دفاعی حصار کو مزید مضبوط بنانے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

یمن کی خبر رساں ایجنسی سبأ سے گفتگو کرتے ہوئے ایک فوجی ذریعے نے بتایا کہ یمن کی مسلح افواج نے تعز اور لحج کے صوبوں میں دشمن کے ٹھکانوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اب تک کی سب سے بڑی پیش قدمی کی۔ یہ کارروائی مغرب میں کہبوب کے پہاڑوں سے مشرق میں المقاطرہ تک 60 کلومیٹر سے زیادہ علاقے میں پھیل گئی اور المضاربہ کی سمت آگے بڑھی۔

اس ذریعے کے مطابق، اس کارروائی کے دوران یمنی مسلح افواج کو شدید جھڑپوں کا سامنا کرنا پڑا، تاہم وہ سعودی حمایت یافتہ فورسز کو ذوباب ہوائی اڈے، کہبوب کے نواحی علاقوں، آبنائے باب المندب کے اطراف اور السقیا کے علاقے سے پسپا کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پسپائی کا سلسلہ آبنائے باب المندب کے ساحلی علاقے سے لے کر المضاربہ کے محاذوں، خور عمیرہ سے آگے کے علاقوں اور صوبہ لحج کے الخرز پہاڑوں تک جاری رہا۔ ان کے بقول، یمن کی مسلح افواج نے ان تمام علاقوں کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے جو آبنائے باب المندب کے لیے تزویراتی گہرائی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

عدن میں قائم حکومت کا سعودی حمایت یافتہ فورسز کی پسپائی کا اعتراف

دوسری جانب، سعودی عرب کی حمایت یافتہ عدن میں قائم حکومت نے بھی آبنائے باب المندب کے جنوب اور کہبوب کے نواحی علاقوں میں تعینات مسلح گروہوں کی پسپائی کی تصدیق کی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے اس حکومت کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ یہ پسپائی جنگ کے خاتمے کا اشارہ نہیں بلکہ ’’یمن کی صبح‘‘ کے نام سے شروع کی جانے والی کارروائی کے تحت نئے مرحلے کی جھڑپوں کی تیاری کا حصہ ہے۔

ان ذرائع نے اس اقدام کو ایک فوجی حکمت عملی قرار دیا ہے جو بڑے پیمانے پر لڑائی شروع کرنے کے لیے سعودی عرب کے طے کردہ منصوبے سے ہم آہنگ ہے۔ ان کے مطابق، عدن صوبے کے علاقے البریقہ کی سرحدوں پر مسلح گروہوں کی تعیناتی کا مقصد عدن شہر کی جانب کسی بھی پیش قدمی کو روکنا ہے۔ البریقہ، خور عمیرہ کے قریب واقع ہے۔

ادھر، الخرز کیمپ کی جھڑپوں میں سعودی حمایت یافتہ گروہوں کے سیکڑوں اہلکار یمن کی مسلح افواج کے ہاتھوں گرفتار ہوئے، جبکہ درجنوں ہلاک بھی ہوئے۔ اس صورت حال کے باعث ان گروہوں نے سعودی عرب کی جانب سے اپنے ٹھکانے برقرار رکھنے اور مزاحمت جاری رکھنے کے احکامات ماننے سے انکار کردیا اور گرفتاری سے بچنے کے لیے محاذ چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

قبائلی ثالثی کے ذریعے محاصرے میں گھرے فوجیوں کی واپسی

اسی تناظر میں جنوبی یمن کے ذرائع اور قبائلی حلقوں نے بتایا ہے کہ الصبیحہ قبائل کی ثالثی کامیاب رہی۔ ان کے مطابق، قبائلی ثالثی کے نتیجے میں یمن کی مسلح افواج اس بات پر آمادہ ہوگئیں کہ آبنائے باب المندب کے جنوب میں محاصرے میں گھرے جنوبی مسلح گروہوں کو علاقہ چھوڑنے کی اجازت دی جائے۔

ان ذرائع نے بتایا کہ یمن کی مسلح افواج نے ان گروہوں کو علاقہ خالی کرنے کے لیے 24 گھنٹے کی مہلت دی اور العمالقہ اور درع الوطن گروہوں کے باقی ماندہ اہلکاروں کو محفوظ راستہ فراہم کیا۔ یہ اقدام اس وقت کیا گیا جب ان گروہوں کی سمندری راستے سے پسپائی کی کوششیں ناکام ہوگئیں۔

سعودی عرب کی شمولیت کے بغیر طے پانے والے اس معاہدے کے تحت درجنوں بکتر بند اور فوجی گاڑیاں السقیا اور رأس العارہ کے علاقوں سے عدن کی جانب روانہ ہوئیں۔ تاہم، ان میں سے بعض گاڑیوں کو خور عمیرہ کے علاقے الہنجر میں سعودی فضائی حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں میں متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے جبکہ کئی گاڑیاں اور فوجی سازوسامان جل کر تباہ ہوگیا۔

ان واقعات کے بعد العمالقہ اور درع الوطن فورسز کے کمانڈروں نے اپنے درجنوں اہلکاروں کو علاقے سے نکالنے کے لیے چھوٹی ماہی گیر کشتیوں کا سہارا لیا۔ یہ اہلکار اپنے انفرادی ہتھیاروں سمیت علاقے سے نکل گئے، تاہم بھاری گاڑیاں اور فوجی سازوسامان اپنے ٹھکانوں پر ہی چھوڑ گئے۔

جنوبی یمن کے اہلکاروں کی ہلاکتوں پر سعودی عرب کو تنقید کا سامنا

ان واقعات کے بعد جنوبی یمن کے درجنوں شہریوں نے سوشل میڈیا پر سعودی عرب کو ان مقامی فورسز کے اہلکاروں کے قتل عام کا ذمہ دار قرار دیا جو جنوبی صوبوں سے تعلق رکھتے تھے اور سعودی عرب کی جانب سے لڑ رہے تھے۔

انہوں نے ان مسلح گروہوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کو سعودی عرب کی جانب سے جنوبی یمن کے عوام کے خلاف ایک نیا جرم قرار دیا۔

سوشل میڈیا پر اپنے تبصروں میں انہوں نے لکھا کہ جنوبی یمن کے باشندوں نے باب المندب کی اس کھلی اور واضح جنگ میں بھاری قیمت ادا کی، صرف اس لیے کہ وہ سعودی حکام کو خوش کرسکیں، حالانکہ وہ پہلے ہی جانتے تھے کہ یہ جنگ شروع ہونے سے پہلے ہی شکست خوردہ ہوچکی ہے۔

اختتام

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha