اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،صہیونی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے سابق میڈیا مشیر نیر حیفتس نے ان کے دفتر میں جاری کشیدہ صورتِ حال کی تفصیلات بتائی ہیں۔ ان کے مطابق، حالیہ سیاسی تبدیلیوں اور گادی آیزنکوٹ کے نئے حکومتی اتحاد کی تشکیل کے امکانات میں اضافے نے نیتن یاہو کی سیاسی پوزیشن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
روزنامہ معاریو میں شائع ہونے والے ان کے بیان کے مطابق، خوف نیتن یاہو کے فیصلوں کا بنیادی محرک بن چکا ہے۔ جب بھی انہیں اپنے ذاتی اور سیاسی مستقبل کے لیے براہِ راست خطرہ محسوس ہوتا ہے تو وہ بحران سے نمٹنے کے اپنے روایتی حربے استعمال کرنے لگتے ہیں۔
نیر حیفتس نے کہا کہ نیتن یاہو کی جانب سے قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی دعوت محض ایک سیاسی چال ہے، جس کا مقصد آیزنکوٹ کی قیادت میں جاری مذاکراتی عمل کو متاثر کرنا ہے۔
نیتن یاہو کے سابق مشیر نے اقتدار میں ان کی بقا کے لیے حریدی جماعتوں کے اتحاد کی اہمیت کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق، نیتن یاہو ممکنہ طور پر آیزنکوٹ کو اتحاد میں شامل کرنے کے لیے بڑی مراعات پیش کرسکتے ہیں، حتیٰ کہ وزارتِ عظمیٰ کی باری باری ذمہ داری سنبھالنے کی تجویز بھی دے سکتے ہیں، تاکہ اپنی حکومت کا خاتمہ روک سکیں۔
حیفتس نے خبردار کیا کہ اپوزیشن میں جانے کے نیتن یاہو کے لیے سنگین عدالتی نتائج بھی ہوسکتے ہیں۔ اقتدار سے محرومی کے بعد وہ عدالتی کارروائیوں کے شیڈول پر اپنا اثر و رسوخ کھو دیں گے اور وزیراعظم کے عہدے سے حاصل ہونے والے تحفظ اور اختیارات کے بغیر ایک عام شہری کی طرح باقاعدگی سے مرکزی عدالت میں پیش ہوکر بدعنوانی کے الزامات کا سامنا کرنے پر مجبور ہوں گے۔
آپ کا تبصرہ