اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، باکو میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے نے بدھ 22 مہر کو جاری بیان میں آذربائیجان کی قومی انجمن برائے غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔
ایرانی سفارت خانے نے کہا کہ مذکورہ انجمن نے آذربائیجان کے اسکولوں میں حجاب سے متعلق جاری معاملات کو ایران سے جوڑنے کی ایک ناکام کوشش کی ہے۔ سفارت خانے نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ آذربائیجان کے اندرونی معاملات میں بیرونی ممالک کو گھسیٹنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ اس نے دونوں ممالک کے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات میں غیر ضروری کشیدگی پیدا کرنے سے گریز کرنے پر زور دیا۔
آذربائیجان کی قومی انجمن برائے غیر سرکاری تنظیموں نے اتوار کے روز ملک کے اسکولوں میں لباس کے ضوابط سے متعلق ہدایات جاری ہونے کے بعد ایک بیان میں عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ بیرونی اثر و رسوخ کے معاملے میں ہوشیار رہیں۔
اس انجمن، جسے آذربائیجانی زبان میں ملی کیو ایچ ٹی فورومی کہا جاتا ہے، نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ایران اور چند دوسرے ممالک کے بعض ذرائع ابلاغ اور انٹرنیٹ ذرائع آذربائیجان کے سیکولر طرزِ حکمرانی اور تعلیمی نظام کو نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
انجمن نے اس اقدام کو آذربائیجان میں مذہبی اور سماجی اختلافات پیدا کرنے کی کوشش قرار دیا اور اسکولوں میں لباس سے متعلق ضوابط پر یکساں اور قانونی طور پر عمل درآمد کی حمایت کی۔
آپ کا تبصرہ