6 اکتوبر 2026 - 16:10
یمنی مسلح افواج : 200 سے زائد سعودی اہلکار ہلاک اور زخمی

یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی فورسز کے اجتماعات اور نقل و حرکت کے خلاف گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران کی جانے والی کارروائیوں میں 200 سے زائد سعودی اہلکار ہلاک یا زخمی ہوئے ہیں۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، یمنی مسلح افواج کے سرکاری ترجمان بریگیڈیئر یحییٰ سریع نے آج منگل کو جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا ہے کہ یمنی فورسز نے رأس العارہ اور السقیا کے علاقوں میں سعودی فورسز کی نقل و حرکت اور اجتماعات کے خلاف درجنوں حملے کیے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں 200 سے زائد سعودی اہلکار ہلاک یا زخمی ہوئے جبکہ سعودی فورسز کی متعدد فوجی گاڑیاں بھی جل گئیں۔

یحییٰ سریع نے مزید کہا کہ ان جھڑپوں کے دوران سعودی فورسز کو ہونے والا جانی اور میدانی نقصان بے مثال ہے اور یمنی مسلح افواج اب بھی اپنے زیر قبضہ مورچوں اور حاصل کردہ میدانی کامیابیوں پر قابض ہیں۔

یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے مشرقی صوبہ الجوف میں سعودی فورسز کے اجتماعات کے خلاف مزید درجنوں حملے کیے جانے کی بھی اطلاع دی اور کہا کہ ان کارروائیوں کے نتیجے میں بڑی تعداد میں سعودی اہلکار ہلاک یا زخمی ہوئے اور متعدد فوجی گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

انہوں نے صوبہ مأرب کے مشرقی علاقے رغوان میں بھی سعودی فورسز کے اجتماعات کے خلاف مزید کارروائیوں کی اطلاع دی اور کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں بھی متعدد اہلکار ہلاک یا زخمی ہوئے اور کئی فوجی گاڑیاں جل گئیں۔

یحییٰ سریع نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مخالف فریق کی جانب سے میدانی صورتحال کے بارے میں جاری کی جانے والی خبریں اور بیانات میدان میں موجود حقیقی صورتحال کی عکاسی نہیں کرتے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha