اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،بدر البوسعیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ عمان آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ، یمن میں سیاسی حل کی حمایت اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے دفاع کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں اپنے ملک کی نمائندگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات اور ریاستوں کی خودمختاری کا احترام اب بھی امن کی سب سے قابلِ اعتماد بنیاد ہیں۔
عمانی وزیر خارجہ نے تاکید کی کہ عمان ایسے عالمی نظام کی تشکیل کے لیے بدستور پُرعزم ہے جہاں قانون، تحمل اور تعاون کے ذریعے سلامتی اور امن کو فروغ دیا جائے۔
البوسعیدی نے ایک روز قبل بھی خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آبنائے ہرمز میں بحری سلامتی برقرار رکھنے، صہیونی حکومت کی جارحیت روکنے اور یمن کے بحران کے جامع سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 81واں اجلاس گزشتہ ہفتے عالمی رہنماؤں اور سربراہانِ مملکت و حکومت کی شرکت کے ساتھ شروع ہوا۔ اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک کے رہنما اور نمائندے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں اپنی حکومتوں کے مؤقف پیش کرنے کے علاوہ اہم بین الاقوامی امور پر دوطرفہ اور کثیرالجہتی ملاقاتیں بھی کر رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ