اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی بحریہ نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز پر ایرانی فورسز کا مکمل اور فیصلہ کن کنٹرول ہے اور جو بحری جہاز ایرانی حکام سے رابطہ اور اجازت کے بغیر اس اہم آبی گزرگاہ سے گزرنے کی کوشش کریں گے، ان کی آمدورفت روک دی جائے گی۔
سپاہ پاسداران کی بحریہ کے مطابق امریکی حکام کی جانب سے آبنائے ہرمز کو کھلا قرار دینے والے بیانات حقیقت کے منافی ہیں۔ ایرانی فورسز نے امریکی مؤقف کو تیل کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز ایک اہم تزویراتی آبی گزرگاہ ہے اور اس پر ایرانی فورسز کا کنٹرول مکمل طور پر قائم ہے۔ سپاہ پاسداران کے مطابق وہ اپنی پوری طاقت اور مکمل تیاری کے ساتھ اس آبی گزرگاہ کی نگرانی کر رہی ہے۔
ایرانی بحریہ نے واضح کیا کہ وہ تمام ایسے بحری جہازوں کی آمدورفت روکنے کا اختیار رکھتی ہے جو ایران کے ساتھ ضروری رابطہ اور ہم آہنگی کے بغیر آبنائے ہرمز سے گزرنے کی کوشش کریں گے۔
بیان میں ایرانی عوام کو یقین دلایا گیا ہے کہ یہ صورتحال اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف مبینہ جارحانہ کارروائیاں ختم نہیں ہوتیں اور متعلقہ وعدوں اور ذمہ داریوں پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا۔
سپاہ پاسداران نے اپنے بیان میں کہا کہ آبنائے ہرمز پر ایرانی فورسز پوری قوت اور اختیار کے ساتھ موجود ہیں اور اس تزویراتی آبی راستے کی صورتحال پر ان کی گہری نظر ہے۔
آپ کا تبصرہ