اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، مقبوضہ فلسطین میں امریکی سفیر مائیک ہکابی نے اسرائیلی انتہا پسند آبادکاروں کے بارے میں اپنے مؤقف کا دفاع کرتے ہوئے مغربی کنارے میں ان کے تشدد کو دہشت گردی قرار دیا ہے۔
ہکابی نے گزشتہ ہفتے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں قصرہ گاؤں میں متعدد فلسطینی گھروں کا محاصرہ کرنے والے آبادکاروں کے لیے ’’اسرائیلی دہشت گرد‘‘ کی اصطلاح استعمال کی تھی، جس پر انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
امریکی سفیر نے اسرائیلی چینل 12 کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ بعض افراد کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گردی نہیں، تاہم امریکی تعریف کے مطابق اگر کسی کارروائی کا مقصد لوگوں میں اپنی جان کے حوالے سے خوف پیدا کرنا اور کسی فرد یا خاندان کو معمول کی زندگی جاری رکھنے سے ڈرانا ہو تو یہ دہشت گردی ہے۔
انہوں نے تاہم اس تشدد کو اسرائیل کے ایک انتہائی محدود گروہ تک محدود کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اس طرح کی کارروائیوں میں ملوث افراد اسرائیلی معاشرے کی ایک بہت چھوٹی اقلیت ہیں اور ان میں سے بہت سے لوگ مغربی کنارے سے باہر رہتے ہیں۔
ہکابی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک فلسطینی نژاد امریکی خاندان کا گھر بھی کئی روز سے اسرائیلی آبادکاروں کے محاصرے میں ہے اور آبادکار خاندان کو علاقہ چھوڑنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ