اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، میڈیسنز سانز فرنٹیئرز نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں ایندھن اور ضروری مشینری کے اسپیئر پارٹس کی آمد میں مسلسل رکاوٹ کے باعث ہزاروں فلسطینیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
تنظیم نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران انجن آئل کی قیمت میں 20 گنا سے زیادہ اضافہ ہوا ہے اور جولائی کے اختتام تک اس کی قیمت 1300 ڈالر فی لیٹر سے تجاوز کرگئی تھی۔
5 اگست کو دیر البلح میں میڈیسنز سانز فرنٹیئرز کے فیلڈ اسپتال کا ایک بجلی پیدا کرنے والا جنریٹر خراب ہوگیا، جس کے بعد طبی عملے کو بجلی کے استعمال میں شدید کمی کرنا پڑی۔ اس کے نتیجے میں آپریشن تھیٹر کو صرف انتہائی تشویش ناک مریضوں کے لیے محدود کردیا گیا، طبی تشخیصی خدمات بند ہوگئیں اور ضروری طبی آلات کو جراثیم سے پاک کرنے کا عمل بھی شدید متاثر ہوا۔
میڈیسنز سانز فرنٹیئرز نے کہا کہ ضروری اشیا کی غزہ میں داخلے پر پابندی طبی خدمات کے تسلسل اور صاف پانی کی فراہمی کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہے، جس سے پہلے ہی سنگین انسانی بحران مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ