8 اگست 2026 - 17:54
اسرائیلی میڈیا: مصریوں کی اسرائیل سے نفرت کھیل کے میدان تک پہنچ گئی

ایک اسرائیلی اسپورٹس ویب سائٹ نے مصر کی قومی فٹبال ٹیم اور اس کے کوچ حسام حسن کے گزشتہ ورلڈ کپ میں رویے کا حوالہ دیتے ہوئے اسرائیل کے بارے میں مصری عوام کے جذبات کو ’’بیمارانہ نفرت‘‘ قرار دیا ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسرائیلی اسپورٹس ویب سائٹ ’’اسپورٹ 1‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ موجودہ حالات میں اسرائیلی ہونا آسان نہیں، کیونکہ جنوبی ہمسایہ ملک مصر میں اسرائیل کے خلاف شدید نفرت پائی جاتی ہے۔ ویب سائٹ کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان امن معاہدے کے باوجود یہ نفرت سیاست کی حدود سے نکل کر کھیلوں کے میدان تک پہنچ چکی ہے۔

اسرائیلی ویب سائٹ نے اس دشمنی کو ’’جنونی‘‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ مصری اسرائیل اور یہودیوں کو اپنے تمام مسائل کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔

عبرانی ویب سائٹ نے مئور زیخریا کے نام سے شائع ایک مضمون میں اس نفرت کو ’’جنون‘‘ اور ’’ذہنی بیماری‘‘ سے تعبیر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں لکھا کہ نیل کے کنارے رہنے والے ایک مصری کسان کو، جو دن میں تین مرتبہ پھلیاں کھاتا ہے، اسرائیل سے دشمنی نہیں ہونی چاہیے۔

مضمون نگار نے سوال اٹھایا کہ اگر مسئلہ فلسطین ہے تو مصر فلسطینیوں کی مشکلات سے فائدہ اٹھانے کے بجائے انہیں اپنی وسیع سرزمین میں کیوں نہیں بسا لیتا؟

اسرائیلی ویب سائٹ نے دعویٰ کیا کہ اس ’’تضاد‘‘ کی ایک مثال اس وقت سامنے آئی جب مصر ارجنٹائن کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوا اور ایک یقینی فتح اس کے ہاتھ سے نکل گئی۔ ویب سائٹ کے مطابق مصری ٹیم کے کوچ حسام حسن نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بجائے ارجنٹائن کے ایک تماشائی سے الجھنا شروع کردیا، جس نے اسرائیل کا پرچم اٹھا رکھا تھا۔

رپورٹ کے آخر میں اسرائیلی مصنف نے طنزیہ انداز میں لکھا کہ مصر میچ ہار گیا، لیکن اس نے اسرائیل کو اس شکست کا ذمہ دار ٹھہرانے پر اصرار کیا، گویا اس کی کھیلوں کی ناکامیوں میں بھی اسرائیل ہی قصوروار ہے۔

یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب فلسطین کے معاملے پر عرب عوام کی حمایت کو اسرائیلی ذرائع ابلاغ میں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کی جانب سے فلسطین کے حق میں عوامی اور کھیلوں کی سطح پر اظہارِ یکجہتی کو بعض اوقات ’’یہود دشمنی‘‘ یا ’’انتہا پسندی‘‘ سے تعبیر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha