اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ایران کے صوبہ فارس کے گورنر نے یومِ پائلٹ اور نامور فضائی پائلٹ شہید عباس دوران کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے صوبے کے فضائی اڈوں کے کمانڈروں اور اہلکاروں کی قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے انجام دی جانے والی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔
گورنر حسین علی امیری کے پیغام، جو گورنری فارس کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری کیا گیا، میں کہا گیا ہے کہ ایران کی فضائیں ہمیشہ ایسے بہادر، ماہر اور ایثار پیشہ مردوں کی پرواز کی گواہ رہی ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے وطن کی عزت اور سلامتی کا دفاع کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہید عباس دوران کی برسی اور یومِ پائلٹ ان جانباز ہوا بازوں کی خاموش مگر درخشاں قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بہترین موقع ہے، جنہوں نے آٹھ سالہ دفاعِ مقدس کے دوران انتہائی دشوار حالات میں وطن و ملت کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے شیراز کے شہید دوران فضائی اڈے کے ان پائلٹوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے بعد کے برسوں میں بھی وطن کے دفاع میں شجاعت اور غیرت کی نئی مثالیں قائم کیں۔
گورنر فارس نے کہا کہ شہید عباس دوران نے اپنی بے مثال جرأت اور ایثار سے ایران کی تاریخ میں ایک ناقابلِ فراموش باب رقم کیا اور قومی ہیروز میں اپنا نام ہمیشہ کے لیے ثبت کر دیا۔ انہوں نے ان تمام شہید پائلٹوں کو بھی سلام پیش کیا جنہوں نے مختلف دفاعی کارروائیوں اور محاذوں پر اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر ایران کی عزت و سربلندی کی راہ ہموار کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی ایرانی فضائیہ اور آرمی ایوی ایشن (ہوانیروز) کے اہلکار اسی جذبۂ ایثار، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ ملک کی فضائی حدود، قومی سلامتی، اقتدار اور مفادات کی حفاظت میں مصروف ہیں۔
پیغام کے اختتام پر حسین علی امیری نے یومِ پائلٹ کے موقع پر ایرانی فضائیہ اور ہوانیروز کے تمام پائلٹوں، اہلکاروں اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے صوبہ فارس کے فضائی اڈوں کے کمانڈر بریگیڈیئر پائلٹ افشین سوریایی اور دیگر اہلکاروں کی خدمات کو سراہا، جنہوں نے مختلف ادوار میں انقلاب اسلامی کے نظریات اور ملک کی سلامتی کے دفاع کے لیے بہادری، بیداری اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔
آپ کا تبصرہ