بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ ٹرمپ نے ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والے مفاہمت کو آبنائے ہرمز میں جہازرانی کی بحالی کے طور پر پیش کیا اور اس پر جشن منایا اور سوشل میڈیا پر لکھا: "دنیا کے جہازو! اپنے انجن اسٹارٹ کرو! اور تیل کا بہاؤ جاری ہو!"
لیکن نیویارک ٹائمز کے مطابق، ناقدین کا کہنا ہے کہ اس معاہدے نے دراصل اس صورت حال کو باضابطگی بخشی ہے جس کو ایرانی حکام نے جنگ کے دوران واضح طور پر بیان کیا تھا کہ "ایران اب آبنائے ہرمز کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں رکھے گا۔"

ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی فوجی جارحیت کے آغاز کے فوراً بعد، خلیج فارس میں ایران کی مسلح افواج کی کارروائیوں نے عملی طور پر حملہ آوروں اور ان کے اتحادیوں پر آبنائے ہرمز بند کر دیا۔ پھر، اپریل کے اوائل میں ایران اور امریکہ کے ایک غیر رسمی اور عارضی جنگ بندی میں داخل ہونے کے ہفتوں بعد، کچھ ٹینکروں نے ایران کے ساتھ ہم آہنگی کے بغیر آبنائے سے گذرنے کی کوشش کی۔
اس اقدام پر ایران کا ردعمل سامنے آیا اور تہران نے اس آبی گذرگاہ پر اپنے حق خودمختاری پر زور دیا اور مفاہمت کی یادداشت کا حوالہ دیا۔
لیکن ٹرمپ نے ایران پر فضائی حملوں کا حکم دے کر جواب دیا۔ اس کا مقابلہ ایران کی بحریہ کے اعلامئے سے ہؤا اور تہران نے اعلان کیا کہ وہ اس آبی گذرگاہ کو "خطے میں امریکی مداخلت کے خاتمے تک" بند رکھے گی۔
امریکی مرکزی کمان (سینٹ کام) نے اعلان کیا کہ جواب میں، اس نے ایران کے تقریباً 140 فوجی اہداف پر حملہ کیا ہے، جس سے گذشتہ ہفتے امریکی حملوں کی مجموعی تعداد 310 تک پہنچ گئی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کے اس مؤقف کے ساتھ، کہ وہ سمجھتا ہے کہ جون کا معاہدہ "ختم ہو چکا" ہے، عالمی توانائی کی قیمتیں دوبارہ بڑھ رہی ہیں اور مکمل جنگ کی واپسی کا خوف بھی شدت اختیار کر گیا ہے۔ جنگ سے پہلے، دنیا کا پانچواں حصہ تیل اور مائع قدرتی گاز مشرق وسطیٰ کی تیل پیدا کرنے والی ریاستوں کی طرف سے اس آبنائے کے ذریعے فراہم کیا جاتا تھا۔
سابق امریکی حکام اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ صورت حال جون معاہدے کا مکمل طور پر قابل پیش گوئی نتیجہ ہے۔
ٹرمپ، جو پٹرول کی بلند قیمتوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے عوامی غم و غصے کا سامنا کر رہا تھا، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور عالمی معیشت پر دباؤ کم کرنے کی خواہش رکھتا تھا۔
نتیجتاً ٹرمپ نے ایران کے ساتھ یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے، ایک ایسی دستاویز جس کی پانچویں شق کہتی ہے کہ ایران "اپنی زیادہ سے زیادہ کوشش کے ساتھ، آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی محفوظ آمد و رفت کا انتظام" کرے گا۔
سبکدوش امریکی سفارتکار مائیکل ریٹنی، ـ جو سعودی عرب میں امریکہ کا آخری سفیر تھا ـ نے اس بارے میں کہا: "کسی کو بھی اس بات پر حیران نہیں ہونا چاہئے کہ ایران اس (شق) کو ہرمز سے جہازرانی پر مکمل کنٹرول میں پائیدار کردار کی واضح تفویض کے طور پر دیکھتا ہے۔"
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پیشکش: محمد رضا جعفری
ترجمہ: ابو فروہ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ