11 جولائی 2026 - 17:14
ایرانی وزارتِ اطلاعات: رہبرِ شہید کا راستہ خونخواہی اور مجاہدت سے جاری رہے گا

ایران کی وزارتِ اطلاعات نے رہبرِ شہید کی تاریخی تشییع میں امتِ مسلمہ، بالخصوص ایران اور عراق کے عوام کی بھرپور شرکت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ امام زمانؑ کے گمنام سپاہی رہبرِ شہید کے خون کا بدلہ لینے اور امریکہ و صہیونی حکومت کے خلاف جدوجہد کی صفِ اول میں رہیں گے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ایران کی وزارتِ اطلاعات نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے رہبرِ شہید کی تشییع میں امتِ مسلمہ، خصوصاً ایران اور عراق کے عوام کی تاریخی اور لاکھوں افراد کی شرکت کو اسلامی امت کی وفاداری، بصیرت اور اسلامی اقدار سے تجدیدِ عہد کی عظیم علامت قرار دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ رہبرِ شہید کی تاریخی تشییع نے ایک بار پھر ایران اور عراق کی مؤمن اور باعزت اقوام کے درمیان گہرے تعلقات اور وحدت کو دنیا کے سامنے نمایاں کیا۔

وزارتِ اطلاعات نے رہبرِ شہید کی تدفین کے موقع پر ایران و عراق کے عوام، دونوں ممالک کے سرکاری وفود، دینی مراجع، حوزہ ہائے علمیہ، عراقی حکومت، قبائل، موکب داروں، مقدس روضوں کے منتظمین اور لبنان، پاکستان، افغانستان، آذربائیجان، ترکیہ، کشمیر، بھارت، بحرین اور دنیا بھر میں رہبرِ شہید کے سوگواروں کا شکریہ ادا کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ عراق میں دینی مرجعیت کی قیادت میں قبائل اور نوجوانوں کی جانب سے پیش کی گئی میزبانی اور عوامی یکجہتی ایران و عراق کی اخوت کا درخشاں نمونہ ہے، جو شہداء کے راستے کے تسلسل اور محورِ مقاومت کی تقویت کا اہم سرمایہ ثابت ہوگی۔

وزارتِ اطلاعات نے مزید کہا کہ ایران اور عراق آج رہبرِ معظم انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای حسینی اور نجف کے مراجعِ کرام، خصوصاً آیت اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کی رہنمائی میں اسلامی اتحاد کی ایک بے مثال نعمت سے بہرہ مند ہیں۔

بیان کے اختتام پر وزارتِ اطلاعات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امام زمانؑ کے گمنام سپاہی رہبرِ معظم انقلاب سے "خون اور مجاہدت" کا نیا عہد کرتے ہیں اور رہبرِ شہید کے خون کا بدلہ لینے، امریکہ اور صہیونی حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھنے اور شہداء کے مشن کو اس کے اہداف تک پہنچانے کے لیے صفِ اول میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha