اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، شورائے نگہبان نے ایک بیان میں رہبرِ شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام خامنہایؒ کے جسدِ مطہر کی تشییع میں ایران اور عراق کے عوام کی تاریخی اور ولولہ انگیز شرکت پر دلی تشکر کا اظہار کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ رہبرِ شہید کی تشییع میں ایران اور عراق کے عوام کی وسیع، باشعور اور پُرجوش شرکت انقلابِ اسلامی کے اعلیٰ مقاصد، عزت، آزادی اور مزاحمت کے راستے سے دونوں قوموں کی وفاداری کا واضح مظہر ہے۔
شورائے نگہبان نے کہا کہ رہبرِ شہید کی رحلت کے غم کے باوجود ایرانی عوام نے اپنے ایمان، بصیرت، استقامت اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثابت کر دیا کہ وہ انقلابِ اسلامی، امام خمینیؒ کے مکتب اور رہبرِ شہید کے راستے پر ثابت قدم ہیں اور دشمن کو قومی عزم کو کمزور کرنے کا کوئی موقع نہیں دیں گے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ رہبرِ شہید کی تاریخی تشییع نے ایک بار پھر یہ حقیقت آشکار کی کہ شہداء اور ملت کے مخلص قائدین کی شہادت اس راستے کو روک نہیں سکتی بلکہ اسے مزید مضبوط اور مستحکم بناتی ہے۔
شورائے نگہبان نے عراق کے عوام کی پرخلوص شرکت کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اس نے ثابت کر دیا کہ ایران اور عراق کے درمیان دینی، تاریخی اور مزاحمتی رشتے مضبوط اور پائیدار ہیں۔ اس بے مثال عوامی اجتماع نے دشمن کی ان تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا جن کا مقصد قومی اتحاد کو نقصان پہنچانا اور ایرانی عوام کے حوصلے کو کمزور کرنا تھا۔
بیان میں ایران اور عراق میں تشییع کی تقریبات کے کامیاب انعقاد میں حصہ لینے والے تمام سرکاری اداروں، سیکیورٹی فورسز، امدادی و خدماتی اداروں، ذرائع ابلاغ، مذہبی انجمنوں، مواکب کے منتظمین اور رضاکاروں کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔
شورائے نگہبان نے اپنے بیان کے اختتام پر کہا کہ رہبرِ شہید کی یہ تاریخی بدرقہ قومی اتحاد کے فروغ، اسلامی جمہوریہ ایران کے اقتدار کے استحکام اور انقلابِ اسلامی کے بلند مقاصد، عزت اور مزاحمت کے راستے کے تسلسل کے لیے ایک پائیدار سرمایہ ثابت ہوگا۔
آپ کا تبصرہ