9 جولائی 2026 - 18:27
خاتم الانبیاء (ص) مرکزی کمان کے کمانڈر: قائدِ شہید کے قاتلوں سے قصاص لیا جائے گا

خاتم الانبیاء (ص) مرکزی کمان کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ قائدِ شہید، عالمِ اسلام کے رہبر اور دیگر مظلوم شہداء کے قاتلوں کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا اور مسلح افواج جلد یا بدیر ان سے قصاص لے گی۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، خاتم الانبیاء (ص) مرکزی کمان کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے قائدِ شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام خامنہ ایؒ کی شہادت پر اپنے تعزیتی پیغام میں حضرت بقیۃ اللہ الاعظم (عج)، رہبرِ انقلاب حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای (مدظلہ العالی) اور پوری امتِ مسلمہ کی خدمت میں تعزیت پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز کے دوران دنیا نے تاریخ کا ایک بے مثال اور یادگار منظر دیکھا۔ قائدِ شہیدِ امت کی تشییع اور رخصتی کی تقریبات عظمت، بصیرت، ایمان، جہاد اور مزاحمت کی ایسی علامت بن گئیں جو تاریخِ انسانیت میں ہمیشہ محفوظ رہیں گی۔

میجر جنرل علی عبداللہی نے قائدِ شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایران کے غیور عوام، برادر ملک عراق کے عوام، حکام، مسلح افواج، مجاہدینِ اسلام اور دنیا بھر کے مسلمانوں اور آزادی پسندوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان سب نے قائدِ شہیدِ انقلاب اسلامی اور محاذِ مزاحمت کے عظیم رہنما کی تشییع اور وداع کی تقریبات میں بھرپور شرکت کرکے تاریخ ساز حماسہ رقم کیا۔

انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کی یہ غیر معمولی موجودگی محض ایک الوداعی تقریب نہیں تھی بلکہ حق و انصاف کی حمایت کا دوٹوک اعلان اور عالمی استکبار کے منصوبوں کے خلاف ایک واضح پیغام تھا، جس نے حق اور باطل کے درمیان فرق کو مزید نمایاں کر دیا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ عالمی استکباری طاقتیں، بالخصوص امریکہ اور صہیونی رژیم، ملت کے غم اور غصے کو ہرگز کمزوری نہ سمجھیں۔

میجر جنرل علی عبداللہی نے زور دے کر کہا کہ قائدِ شہید، مسلمانوں اور دنیا بھر کے آزادی پسندوں کے رہبر، نیز دوسری اور تیسری مسلط کردہ جنگوں کے مظلوم شہداء کے قاتلوں سے قصاص لینے کا عزم اپنی جگہ قائم ہے اور انہیں ان کے جرائم کی سزا ضرور دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج کے بہادر جوان اللہ تعالیٰ پر توکل اور مسلمان و آزادی پسند اقوام کی حمایت سے ایسا انقلابی اقدام کریں گے کہ دشمن کی نیندیں اڑ جائیں گی، اور ان دہشت گردانہ جرائم کے تمام ذمہ داروں سے جلد یا بدیر قصاص لیا جائے گا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha