اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق، حماس سے وابستہ سکیورٹی ادارے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہیکہ اسرائیل کے لیے جاسوسی اور فلسطینی مزاحمتی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کے الزام میں ایک شخص کو تمام قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد سزائے موت دے دی گئی۔
ادارے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ شخص پر اسرائیلی انٹیلی جنس ادارے سے رابطے رکھنے اور غزہ میں جنگ کے دوران ایسی معلومات فراہم کرنے کا الزام تھا جن کے نتیجے میں متعدد حملے ہوئے اور فلسطینی شہریوں اور مزاحمتی ارکان کی ہلاکتیں ہوئیں۔
بیان میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ اس شخص نے القسام بریگیڈز کے چیف آف اسٹاف عزالدین الحٍداد المعروف ابو صہیب کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی کردار ادا کیا تھا۔
حماس سے وابستہ سکیورٹی ادارے نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل کے ساتھ تعاون کرنے والے دیگر افراد بھی اسی انجام سے دوچار ہو سکتے ہیں۔ ادارے نے ایسے افراد سے ہتھیار ڈالنے اور مزاحمت کے سکیورٹی اداروں کے سامنے خود کو پیش کرنے کی اپیل بھی کی۔
اس بیان میں ان افراد کے اقدامات کو فلسطینی قومی مفادات اور قبائلی روایات کے منافی قرار دیا گیا۔
آپ کا تبصرہ