اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان کے علاقے دیر السریان میں ایک مزاحمتی مجاہد کے ساتھ مسلح جھڑپ کے دوران اسرائیلی فوج کا ایک افسر ہلاک جبکہ ایک اہلکار زخمی ہو گیا ہے۔
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی صبح اس وقت پیش آیا جب گولانی بریگیڈ کے اہلکار ایک مشتبہ شخص یا مقام کی تلاشی کے لیے علاقے میں داخل ہوئے۔ اس دوران ان کا ایک مزاحمتی مجاہد سے آمنا سامنا ہوا، جس کے بعد فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا۔
اسرائیلی چینل 15 کے مطابق اس جھڑپ میں اسرائیلی فوج کا کپتان ڈیوڈ حزوت ہلاک ہوا جبکہ ایک اور اہلکار معمولی زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واقعے کے فوراً بعد اسرائیلی فوج نے مزاحمتی مجاہد کی تلاش کے لیے علاقے میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ اس دوران فوج نے جنوبی لبنان کے مختلف مقامات پر بھی حملے کیے۔
یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب حال ہی میں لبنان اور اسرائیل نے امریکی ثالثی میں واشنگٹن میں ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اس معاہدے کے تحت جنوبی لبنان کے نام نہاد سکیورٹی زون میں اسرائیلی فوج کو فوجی نقل و حرکت کے لیے زیادہ آزادی دی گئی ہے، جبکہ مزاحمت کو غیر مسلح کیے جانے تک اس علاقے میں اسرائیلی فوج کی موجودگی برقرار رکھنے کی بھی گنجائش رکھی گئی ہے۔
آپ کا تبصرہ