اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، تحریک منہاج القرآن پاکستان کے بانی و سرپرست ڈاکٹر طاہر القادری نے امام حسینؑ کے معنوی مقام، اہل بیت اطہارؑ کی محبت اور واقعۂ کربلا کے آفاقی پیغام پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کربلا درحقیقت حق کی کامیابی کا عنوان ہے اور امام حسینؑ کی محبت دراصل رسول اکرمؐ اور اللہ تعالیٰ کی محبت کا راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اپنے مقرب اور محبوب بندوں کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھتا ہے۔ امام حسینؑ کا ذکر صرف زمین تک محدود نہیں بلکہ آسمانوں میں بھی آپؑ کے فضائل اور عظمت کا چرچا ہے۔
ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ امام حسینؑ کی شخصیت حق، صداقت، وفاداری اور ایثار کی روشن علامت ہے اور قیامت تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔
انہوں نے سیرتِ رسول اکرمؐ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نبی کریمؐ نے اپنی پوری زندگی میں اہل بیتؑ سے محبت، شفقت اور وابستگی کا ایسا عملی نمونہ پیش کیا جو امتِ مسلمہ کے لیے ہمیشہ ہدایت کا سرچشمہ رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اہل بیتؑ کی محبت دراصل رسول اللہؐ سے محبت اور آپؐ کی تعلیمات سے وابستگی کا اظہار ہے۔
طاہر القادری نے واقعۂ کربلا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امام حسینؑ نے میدانِ کربلا میں صبر، استقامت اور حق پر ثابت قدمی کی ایسی مثال قائم کی جس کی تاریخِ انسانی میں نظیر نہیں ملتی۔ آپؑ نے ظلم، جبر اور باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا اور دینِ اسلام کے تحفظ کے لیے عظیم ترین قربانی پیش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ واقعۂ کربلا محض ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ہر دور کے انسان کے لیے ایک دائمی درس ہے، جو یہ سکھاتا ہے کہ حق کے لیے ڈٹ جانا، ظلم کے خلاف مزاحمت کرنا اور رضائے الٰہی پر راضی رہنا ہی حقیقی کامیابی کا راستہ ہے۔
آپ کا تبصرہ