اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے "ہم آہنگ حکمرانی" کے عنوان سے منعقدہ قومی کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے ہونے والی مفاہمت پر تبصرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ مفاہمت گزشتہ روز طے پائی اور ضروری مشاورت و ہم آہنگی کے بعد اس کی منظوری دے دی گئی ہے۔ صدر پزشکیان کے مطابق اس معاہدے پر جمعہ کے روز باضابطہ دستخط کیے جائیں گے۔
صدر ایران نے صوبائی گورنروں کو اختیارات کی منتقلی کے موضوع پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ اختیارات پہلے ہی تفویض کیے جا چکے تھے اور حالیہ بحران کے دوران جو اقدامات کیے گئے، وہ انہی اختیارات کے تحت انجام پائے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ مختلف علاقوں میں مسائل موجود تھے، لیکن ملک کے انتظامی نظام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہیں ہوئی۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ گورنروں اور ضلعی حکام نے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ دشمن کا خیال تھا کہ جنگ شروع ہوتے ہی ملک میں انتشار پھیل جائے گا اور نظامِ حکومت درہم برہم ہو جائے گا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے اس صورتحال کا سہرا صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کی بہتر کارکردگی کے سر باندھا۔
صدر ایران کے مطابق حالیہ حالات نے ثابت کیا کہ ملک کا انتظامی ڈھانچہ مشکل ترین حالات میں بھی اپنی ذمہ داریاں نبھانے اور عوامی خدمات کا تسلسل برقرار رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
آپ کا تبصرہ