10 مئی 2026 - 18:40
قطر کے وزیر خارجہ کی ایرانی اور سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو، اسلام آباد مذاکرات پر تبادلہ خیال

قطر کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قطر کے وزیر خارجہ نے ایرانی اور سعودی وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے امن کوششوں اور اسلام آباد مذاکرات میں پیش رفت پر گفتگو کی ہے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے آج قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور جاری سفارتی عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

قطر کی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس رابطے کے دوران امن کے حصول کے لیے جاری کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔

بیان کے مطابق شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے گفتگو میں اس بات پر زور دیا کہ مذاکرات میں پیش رفت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی خاطر تمام فریق امن کوششوں کے ساتھ تعاون کریں۔

قطری وزیر خارجہ نے اس موقع پر بحران کے پرامن حل کے لیے ثالثی کی کوششوں کی مکمل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

قطر کی وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان آبنائے ہرمز اور بحری جہاز رانی کے راستوں سے متعلق امور پر بھی گفتگو ہوئی۔

دوسری جانب قطر کی وزارت خارجہ نے ایک اور بیان میں بتایا کہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں خطے کی صورتحال اور ایران و امریکہ کے درمیان جنگ بندی سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ قطری اور سعودی وزرائے خارجہ نے علاقائی سلامتی کے فروغ کے لیے کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر بھی مشاورت کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha