اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سیاسی امور کے کمانڈر یداللّٰہ جوانی نے کہا ہے کہ دشمن نے تیسری جنگِ تحمیلی میں ایران کے خلاف اپنے تمام تر عسکری اور ٹیکنالوجی وسائل استعمال کیے، لیکن اسے امام حسینؑ کے مکتب میں پروان چڑھنے والی ایک مضبوط اور ناقابلِ شکست قوم کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے اصفہان میں گلستانِ شہداء میں شہداء اور مجاہدین کے اہل خانہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ایران کے نظام کو کمزور کرنے اور ملک کو تقسیم کرنے کے خواب دیکھ رہا تھا، مگر وہ اس قوم کے مقابلے میں ناکام رہا جو استقامت اور مزاحمت کی تربیت رکھتی ہے۔
سردار جوانی نے بین الاقوامی تجزیہ کاروں کے حوالے سے کہا کہ امریکہ اپنے اہداف حاصل کرنے میں مکمل ناکامی سے دوچار ہوا ہے اور عالمی طاقتوں کے توازن میں تبدیلی آ رہی ہے۔ ان کے مطابق ایران اب محض پابندیوں کا شکار ملک نہیں رہا بلکہ بین الاقوامی معادلات پر اثر انداز ہونے والی طاقت بن چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز پر ایران کی مؤثر نگرانی اور دنیا بھر کے علمی حلقوں کی جانب سے ایران کو ایک بڑی طاقت کے طور پر تسلیم کرنا، شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
رہبری اور نظام کے تسلسل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن یہ سمجھ رہا تھا کہ قیادت کے تسلسل میں خلل آئے گا، لیکن اسلامی نظام اپنی وحدت اور استحکام کے ساتھ قائم ہے۔ انہوں نے آیت اللّٰہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قیادت نے دشمن کے تمام اندازے غلط ثابت کر دیے ہیں۔
سردار جوانی نے امریکہ کی پالیسیوں اور دھمکی آمیز بیانات کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک ایسی قوم کو دھمکیاں دینا بے معنی ہے جس نے ہزاروں شہداء پیش کیے ہیں۔ ان کے مطابق ایران کے عوام ایمان اور استقامت کے ساتھ کسی بھی دباؤ کے آگے نہیں جھکیں گے۔
انہوں نے آخر میں شہید مجید حسنی اور دیگر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا مستقبل روشن ہے اور یہ قوم اپنے نظریاتی راستے پر ثابت قدم رہتے ہوئے ترقی اور کامیابی کی جانب بڑھتی رہے گی۔
آپ کا تبصرہ